ادیس ابابا (ایتھوپیا) کے میلینیم ہال میں منعقدہ 5ویں پاک افریقہ تجارتی ترقیاتی کانفرنس (پی اے ٹی ڈی سی ) اور میڈ ان پاکستان نمائش کے دوسرے روز اہم پیش رفت دیکھنے میں آئی، جن میں کاروباری شراکت داروں کی ملاقاتیں، افریقی یونین کے اعلیٰ سطحی وفد کا دورہ اور میڈیا بریفنگ و گالا ڈنر شامل تھے۔

افریقی یونین کمیشن کے چیئرمین محمود علی یوسف نے پاکستانی وزیر تجارت جام کمال خان اور پاکستان کے سفیر میاں عاطف شریف کے ہمراہ نمائش کا دورہ کیا۔ انہوں نے پاکستانی مصنوعات اور تاجروں کی شرکت کو سراہا اور پاک افریقہ تعاون کو ساؤتھ، ساؤتھ پارٹنرشپ کا کامیاب ماڈل قرار دیا۔

بی ٹوبی سیشنز میں پاکستان، ایتھوپیا اور دیگر افریقی ممالک سے درآمد کنندگان، سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں نے شرکت کی، جن کا فوکس زراعت، انجینئرنگ، فارما اور ٹیکسٹائل جیسے شعبوں میں تعاون پر رہا۔

گالا ڈنر سے قبل مقامی ہوٹل میں پریس بریفنگ ہوئی جس میں دونوں ممالک کے سفیروں اور وزرائے تجارت نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

تقریب میں ثقافت کے مظاہروں اور سیالکوٹ کی کمپنی کی جانب سے بچوں کے فٹبال کلبز کو تحائف نے دوستی کا خوبصورت اظہار پیش کیا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025