کلکٹریٹ آف کسٹمز اپریزمنٹ (ویسٹ) اور کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھارتی نژاد ممنوعہ ٹیکسٹائل مشینری کی غیر قانونی درآمد کی کوشش ناکام بنا دی۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق کارروائی جدید رسک مینجمنٹ سسٹم (آر ایم ایس 2.0) کے ذریعے الرٹ ملنے پر کی گئی، جو اس وقت کراچی پورٹ پر آزمائشی بنیادوں پر فعال ہے۔

سسٹم نے سامان کی اصلیت کے بارے میں مشکوک ڈیٹا رپورٹ کیا، جس پر کسٹمز حکام نے کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل(کے آئی سی ٹی) پر ایک کنٹینر کو روک کر جانچ کی۔

معائنے میں انکشاف ہوا کہ درآمد کنندہ نے سامان کو دبئی کے راستے چین میں تیار شدہ ٹیکسٹائل ٹوئسٹنگ مشین ظاہر کیا تھا، تاہم مشین دراصل بھارت میں تیار کردہ نکلی۔

ضبط شدہ مشین جدید ٹیکسٹائل ٹوئسٹنگ یونٹ تھی جس میں 576 اسپنڈلز اور لوازمات شامل تھے۔ کسٹمز ذرائع کے مطابق مشین پر نصب مینوفیکچرر پلیٹیں اور نشانات جان بوجھ کر مٹا دیے گئے تھے ،تاکہ اصلیت چھپائی جا سکے۔

ضبط شدہ سامان کی مالیت تقریباً 85 ہزار امریکی ڈالر (تقریباً 2 کروڑ 40 لاکھ روپے) بتائی گئی ہے۔ ایف بی آر نے بتایا کہ ملک میں بھارتی نژاد سامان کی درآمد پر مکمل پابندی ہے اور غلط بیانی پر باقاعدہ مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔