کاروبار اور معیشت

اے آئی کی بڑی ڈیل : امریکا نے یو اے ای کو چپ برآمدات کی اجازت دیدی

بلوم برگ نیوز نے بدھ کو اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ امریکہ نے ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا کو اربوں ڈالر مالیت کے...
شائع October 9, 2025 اپ ڈیٹ October 9, 2025 01:08pm

بلوم برگ نیوز نے بدھ کو اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ امریکہ نے ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا کو اربوں ڈالر مالیت کے مصنوعی ذہانت (اے آئی) چپس متحدہ عرب امارات کو برآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ منظوری امریکی محکمہ تجارت کے بیورو آف انڈسٹری اینڈ سیکیورٹی نے حالیہ دنوں میں جاری کیے گئے برآمدی لائسنس کے تحت دی، جو کہ مئی 2025 میں امریکہ یو اے ای اے آئی معاہدے کا حصہ ہیں۔

معاہدے کا مقصد امارات میں جدید ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر ہے، جو اے آئی ماڈلز کی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ یو اے ای نے امریکا میں مساوی سرمایہ کاری کے منصوبے پیش کیے تھے، جس کے بعد لائسنس جاری کیے گئے۔

این ویڈیا نے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا، تاہم امریکی حکومت کے ایک ترجمان نے معاہدے کو انقلابی شراکت داری قرار دیتے ہوئے اس پر مکمل عزم ظاہر کیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ ابتدائی معاہدہ یو اے ای کو 2025 سے ہر سال این ویڈیا کے 5 لاکھ جدید اے آئی چپس درآمد کرنے کی اجازت دیتا ہے، جو کم از کم 2027 تک جاری رہے گا اور امکان ہے کہ 2030 تک توسیع پائے۔

یاد رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خلیجی ممالک سے تعلقات کو اپنی حکومت کی ترجیح قرار دیا ہے۔ مئی میں دورۂ خلیج کے دوران انہوں نے 600 ارب ڈالر کے وعدوں کا بھی اعلان کیا، جن میں این ویڈیا، اے ایم ڈی اور کوالکوم سے چپس کی خریداری بھی شامل ہے۔