انسدادِ دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے سنگجانی ریلی کیس میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے تین رہنماؤں عمر ایوب، شیخ وقاص اکرم اور زرتاج گل کے وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ تینوں رہنماؤں کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔
شیخ وقاص اکرم کے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر شیئر کردہ اطلاع کے مطابق اے ٹی سی کے جج طاہر عباس سپرا نے دلائل مکمل ہونے کے بعد وارنٹِ گرفتاری جاری کیے۔
یاد رہے کہ 8 ستمبر 2024 کو سنگجانی کے علاقے میں پی ٹی آئی کے حامیوں اور اسلام آباد پولیس کے درمیان اس وقت جھڑپیں ہوئی تھیں جب پارٹی نے وفاقی دارالحکومت کے باہر سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی اور مبینہ سیاسی انتقام کے خلاف ریلی نکالی تھی۔
واقعے کے بعد 9 اور 10 ستمبر کو اسلام آباد بھر سے پی ٹی آئی کے کم از کم 10 ارکانِ قومی اسمبلی کو گرفتار کیا گیا تھا۔
اسی کیس میں 10 فروری کو انسدادِ دہشت گردی عدالت نے عمر ایوب اور دیگر رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں توسیع کی تھی۔