پاکستانی روپے کی قدر بدھ کو انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے ابتدائی اوقات میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں 0.07 فیصد بڑھ گئی۔

صبح 10بجکر 30 منٹ پر مقامی کرنسی 281.13 پر ٹریڈ کر رہی تھی، جو ڈالر کے مقابلے میں 0.19 روپے کی قدر میں اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

منگل کو کاروبار کے اختتام پر روپیہ 281.32 پر بند ہوا۔

عالمی سطح پر، امریکی ڈالر بدھ کو اہم کرنسیوں کے مقابلے میں ایک ہفتے کی کم ترین سطح کے قریب رہا کیونکہ امریکی حکومت شٹ ڈاؤن کا شکار ہوگئی، جس کے باعث اہم روزگار کے اعدادوشمار کے اجرا میں تاخیر کا امکان ہے۔

واشنگٹن میں نیم شب کے بعد وفاقی حکومت کی فنڈنگ ختم ہوگئی کیونکہ ری پبلکن اور ڈیموکریٹس آخری لمحات میں کوئی عارضی معاہدہ کرنے میں ناکام رہے۔

ڈالر انڈیکس، جو ڈالر کو یورو اور ین سمیت چھ کرنسیوں کے مقابلے میں پرکھتا ہے، ڈیڈ لائن کے بعد 97.814 پر کھڑا تھا۔ رات کو یہ 97.633 تک گر گیا تھا، جو گذشتہ بدھ کے بعد سب سے کم سطح تھی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو کانگریس کے ڈیموکریٹس کو خبردار کیا کہ اگر وفاقی حکومت کو بند رہنے دیا گیا تو ان کی انتظامیہ ناقابل واپسی اقدامات کرے گی، جن میں وہ پروگرام بند کرنا بھی شامل ہوگا جو ڈیموکریٹس کے لیے اہم ہیں۔

امریکی محکمۂ محنت اور محکمۂ تجارت نے کہا کہ جزوی شٹ ڈاؤن کی صورت میں ان کے اعدادوشمار جاری کرنے والے ادارے ڈیٹا ریلیز روک دیں گے۔ اس میں جمعے کو جاری ہونے والی نان فارم پے رولز رپورٹ بھی شامل ہے، جسے مارکیٹیں اس بات کے تعین کے لیے کلیدی سمجھتی ہیں کہ فیڈرل ریزرو ماہ کے اختتام پر شرح سود میں کمی کرے گا یا نہیں۔

یورو معمولی بڑھ کر 1.1738 ڈالر پر آگیا، جبکہ منگل کو یہ 1.1762 تک پہنچا تھا جو 24 ستمبر کے بعد بلند ترین سطح تھی۔

ین کے مقابلے میں ڈالر 147.92 پر مستحکم رہا، حالانکہ گذشتہ تین دنوں میں یہ 1.2 فیصد کم ہوچکا تھا۔

تیل کی قیمتیں، جو کرنسی پیرٹی کا ایک اہم اشاریہ سمجھی جاتی ہیں، بدھ کو دو روز کی گراوٹ کے بعد مستحکم رہیں۔ سرمایہ کار اوپیک پلس کے اگلے ماہ زیادہ پیداوار بڑھانے کے منصوبے اور امریکی حکومت کے شٹ ڈاؤن کے معیشت اور طلب پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

برینٹ کروڈ کے دسمبر کے سودے 28 سینٹ اضافے کے ساتھ 66.31 ڈالر فی بیرل پر آگئے جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ 26 سینٹ بڑھ کر 62.63 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔

یہ ایک انٹرا ڈے اپ ڈیٹ ہے۔