پاکستان میٹ ڈپارٹمنٹ نے پیر کے روز پیش گوئی کی کہ کراچی میں آج سے بارش اور تیز ہوا کے ساتھ گرج چمک کا امکان ہے، جو 2 اکتوبر تک جاری رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ بھارت کے گجرات میں ایک واضح کم دباؤ کا سسٹم موجود ہے۔
بیان میں کہا گیا کہیہ موسمی سسٹم مغرب اور شمال مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ہے۔ شمال مشرقی بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں سندھ کے جنوب مشرقی حصوں میں داخل ہو رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے تھرپارکر (مٹھی، اسلام کوٹ، نگرپارکر، چھاچھرو، ڈھالی، ڈپلو، کلوئی)، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، خیرپور، مٹیاری، ٹنڈوالہ یار، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد، جامشورو، کراچی، ٹھٹھہ، بدین اور سجاول میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ تھرپارکر، عمرکوٹ اور میرپورخاص میں کہیں کہیں معتدل سے تیز بارش کا بھی امکان ہے۔
اسی دوران، محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 3 اکتوبر کو ایک نئی مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
بیان میں کہا گیا کہتمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی جاتی ہے کہ پیش گوئی کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔
محکمہ موسمیات کے ٹراپیکل وارننگ سینٹر نے کہا کہ وہ اس سسٹم پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں حالیہ بارشوں کے باعث دیہی اور صنعتی علاقوں میں شدید سیلاب آیا جس سے اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، جب کہ خوراک کی فراہمی، برآمدات اور کمزور معاشی بحالی پر بھی دباؤ بڑھ گیا۔
جون کے آخر سے ریکارڈ مونسون بارشیں، بھارت کی جانب سے ڈیموں سے پانی چھوڑنے کے بعد مزید بڑھ گئیں، جس سے پنجاب اور سندھ کے بڑے علاقے زیر آب آگئے — یہ دونوں صوبے آبادی اور معیشت کے لحاظ سے ملک کے سب سے اہم خطے ہیں۔