بھارت کے کپتان سوریا کمار یادو نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کو اتوار کے روز ایشیا کپ کی ٹرافی اٹھانے کا موقع نہیں دیا گیا کیونکہ پریزنٹیشن تقریب کے دوران یہ ٹرافی ہٹا دی گئی، جب بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی سے اسے وصول کرنے سے انکار کر دیا۔

بھارت نے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں فائنل میں پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔ دونوں ملکوں کے درمیان مئی میں ہونے والی مختصر فوجی جھڑپ کے بعد جذبات عروج پر تھے۔ پورے ٹورنامنٹ کے دوران دونوں ٹیمیں تین مرتبہ آمنے سامنے آئیں، لیکن بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی حریفوں سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔ فائنل بھی ایک انوکھے انداز میں ختم ہوا جہاں بھارتی کھلاڑیوں نے اصل ٹرافی کے بجائے خیالی ٹرافی اٹھا کر جشن منایا۔

سوریا کمار یادو نے کہا کہ میں نے جب سے کرکٹ کھیلنا اور دیکھنا شروع کیا تب سے ایسی بات نہیں دیکھی کہ ایک چیمپئن ٹیم کو ٹرافی سے محروم کیا جائے، وہ بھی اتنی محنت کے بعد۔ ہم اس کے حقدار تھے۔

بھارتی بیٹسمین تیلاگ ورما نے 69 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی کامیاب تعاقب میں رہنمائی کی، لیکن میدان کی کارکردگی کو ٹرافی تنازع نے چھپا دیا۔

پریزنٹیشن تقریب ایک گھنٹے سے زیادہ تاخیر کا شکار ہوئی اور بالآخر ٹرافی دینے سے پہلے ہی ختم کر دی گئی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے تصدیق کی کہ کھلاڑیوں نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کیا تھا۔

پاکستانی کپتان سلمان آغا نے کہا کہ بھارت نے کرکٹ کی بے عزتی کی ہے۔ “یہ ہمیں نہیں بلکہ کرکٹ کو بے عزت کر رہے ہیں۔ اچھی ٹیمیں ایسا نہیں کرتیں۔ ہم نے اپنی ذمہ داری پوری کرنے کے لیے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور میڈلز وصول کیے، لیکن بھارت کا رویہ انتہائی افسوسناک تھا۔