سیکورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے ایک آپریشن کے دوران 17 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ یہ بات پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ہفتے کے روز ایک بیان میں بتائی ہے۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق 26 اور 27 ستمبر 2025 کی درمیانی شب سیکورٹی فورسز نے لکی مروت میں بھارت کے حمایت یافتہ گروہ ’فتنتہ الخوارج‘ سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر خفیہ آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران سیکورٹی اہلکاروں نے موثر کارروائی کرتے ہوئے 17 بھارت کے حمایت یافتہ سرگرم خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔
بیان کے مطابق مارے گئے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، جو سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اوربے گناہ شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی موجود بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کا مکمل صفایا کیا جا سکے۔ پاکستانی سیکورٹی فورسز ملک سے بھارت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لکی مروت میں 17 دہشت گردوں کو ٹھکانے لگانے پر سیکورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہا ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا وِنگ کی جانب سے ہفتے کے روز جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی ہے۔
وزیراعظم، جو ان دنوں امریکہ میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت اور دیگر اعلیٰ سطح کی مصروفیات کے سلسلے میں موجود ہیں، نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی کے باعث دہشت گردوں کے ”ناپاک عزائم“ ناکام بنا دیے گئے۔