پاکستان

پاور ڈویژن: کمپیٹیٹو ٹریڈنگ بائی لیٹرل کنٹریکٹ مارکیٹ متعارف

  • سی ٹی بی سی ایم کا مقصد بجلی کی نیلامی سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنا اور شفافیت لانا ہے
شائع September 20, 2025 اپ ڈیٹ September 20, 2025 10:38am

پاور ڈویژن نے باضابطہ طور پر طویل عرصے سے زیر بحث کمپیٹیٹیو ٹریڈنگ بائی لیٹرل کنٹریکٹ مارکیٹ (سی ٹی بی سی ایم) کو متعارف کرادیا جس کا مقصد بجلی کی نیلامی کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنا اور وضاحت لانا ہے جو شفاف بجلی مارکیٹ قائم کرے گا اور کئی دہائیوں سے تاخیر کا شکار ہے۔

پاور ڈویژن کے ذیلی ادارے انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر (آئی ایس ایم او) نے 800 میگاواٹ کی وہیلنگ ڈیمانڈ کیلئے نیلامی کے فریم ورک کی تفصیلات ایک ورکشاپ میں شیئر کیں جس میں سرکاری و نجی شعبے کے اہم اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

مارجنل پرائس اینڈ یوز آف سسٹم چارجز (یو او ایس سی) کے بارے میں سوالات پوچھے گئے جن میں 2023 میں شناخت کیے گئے مختلف ہیڈز کے تحت ڈبل کاؤنٹنگ شامل ہے، اسی طرح سروس کی لاگت اور اسٹرینڈڈ کیپیسٹی پر بھی سوالات کیے گئے جس میں گرڈ ریزرو کاسٹ، ریزرو مارجن، آپٹمل کمپوننٹ اور انکریمنٹل سمیت متعدد سطح کی گنجائش شامل ہے۔

یہ دلیل دی گئی کہ آپٹمل کمپوننٹ اور گرڈ ریزرو کی لاگت ہی واحد لاگت ہے جو قابل اطلاق ہونی چاہیے کیونکہ باقی سب کچھ یوز آف سسٹم چارجز کے تحت وصول نہیں کیا جا سکتا جو پہلے ہی وصول کیا جا چکا ہے۔

ایک مبصر نے نشاندہی کی کہ وہ گزشتہ 9 سال سے اس پر کام کررہے ہیں جسے تین سال میں نافذ کیا جا سکتا تھا، مگر اب ایک ایسا پیچیدہ نیلامی ڈھانچہ تیار کیا جارہا ہے جسے سمجھنا مشکل ہے۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے ایک نمائندے، گل حسن بھٹو، نے بھی سی ٹی بی سی ایم کے مسودے پر سوالات اٹھائے اور بجلی کی نیلامی کو واضح کرنے کے لیے تجاویز پیش کیں۔

آئی ایس ایم او کے نمائندے نے شرکاء کو بتایا کہ توانائی کے عدم توازن کا حساب ہر گھنٹے کی بنیاد پر کیا جائے گا اور اس کا نتیجہ ماہانہ بنیادوں پر طے کیا جائے گا۔ سسٹم آپریٹر ہر گھنٹے کی مارجنل پرائس کا حساب لگائے گا جو اس گھنٹے کے لیے فی کلو واٹ آور توانائی کے عدم توازن کی رقم ہوگی۔۔۔۔۔۔

طریقہ کار کو مرحلہ وار سمجھایا گیا۔ سب سے پہلے، کمپنیوں کو یہ ظاہر کرنا ہوگا کہ وہ اہل ہیں: انہیں رجسٹرڈ ہونا چاہیے، مطلوبہ انٹرکنکشن اسٹڈیز ہونی چاہئیں، اور زیادہ تر معاملات میں بلک پاور صارفین کے ساتھ معاہدے ہوں۔ جو اہل ہوں گے انہیں پھر بولی لگانے کی دعوت دی جائے گی۔

ہر بولی روپے فی کلو واٹ آور کی قیمت کے طور پر ظاہر کی جائے گی جو معمول کے گرڈ چارجز کے علاوہ ہوگی۔ آئی ایس ایم او بولیوں کو زیادہ سے کم کی ترتیب میں رکھے گا اور صلاحیت اس وقت تک الاٹ کرتا جائے گا جب تک اس مرحلے کے لیے مختص مقدار پوری نہ ہو جائے۔ اگر بولیوں کی تعداد گنجائش سے زیادہ ہوئی تو کامیاب بولی دہندگان کے تعین کے لیے اضافی بولی کے راؤنڈز کرائے جائیں گے۔

مقررین نے کامیاب بولی دہندگان کی ذمہ داریوں پر بھی زور دیا۔ کامیاب بولی جیتنے والوں کو وہیلنگ شروع کرنے سے پہلے لازمی لائسنس حاصل کرنا ہوں گے، معاہدوں پر دستخط کرنے ہوں گے اور پرفارمنس گارنٹیز فراہم کرنا ہوں گی۔ وہ ایک سال تک حقیقی وہیل کی گئی توانائی پر اپنی بولی کی قیمت ادا کریں گے، جبکہ گرڈ چارجز اور سرچارجز بدستور لاگو رہیں گے۔۔۔۔

جو کوئی بھی اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہے گا وہ اپنی ضمانت یا یہاں تک کہ اپنی مختص شدہ مقدار بھی کھو سکتا ہے۔ جس طرح سے اسے پیش کیا گیا، یہ عمل ایک اہم موڑ کی نشاندہی کرتا ہے: نجی سودوں کے لیے گرڈ تک رسائی اب پوشیدہ یا خاموشی سے گفت و شنید کے ذریعے نہیں ہوگی، بلکہ کھلے مقابلے میں طے کی جائے گی۔

وفاقی وزیر سردار اویس لغاری نے مسابقتی عمل کے فریم ورک سے متعلق ورکشاپ کا باضابطہ افتتاح کیا۔

انہوں نے دلیل دی کہ سی ٹی بی سی ایم اصلاحات پاکستان کے توانائی کے مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی کی قیمتوں کو مستحکم کرنے اور صارفین کو مسابقتی نرخوں پر بجلی فراہم کرنے کی بنیاد رکھی گئی ہے۔ برآمدی شعبوں کو سستی اور قابل تجدید توانائی تک رسائی حاصل ہوگی، انہوں نے سال 2025-26 کو ”صارفین کی خدمت کا سال“ قرار دیا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اس ورکشاپ کا مقصد پاکستان کے توانائی شعبے کے مستقبل کی تشکیل میں ایک اور فیصلہ کن قدم آگے بڑھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایس ایم او کو ایک نہایت اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے ، ملک کے بجلی کے نظام کو بطور سسٹم آپریٹر چلانا، مسابقتی بجلی مارکیٹ کا انتظام کرنا اور طویل المدتی منصوبہ بندی کی قیادت کرنا۔ یہ یقیناً ایک بڑا چیلنج ہے مگر پاکستان کے توانائی کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ اس سے بجلی کی پیداوار، تجارت اور ترسیل کے طریقے ملک گیر سطح پر بدل جائیں گے۔

سردار اویس لغاری نے مزید کہا کہ حکومت کا وژن بالکل واضح ہے۔ ہم ایک جدید، شفاف اور مسابقتی بجلی مارکیٹ قائم کرنے کے لیے پرعزم ہیں جو تمام پاکستانیوں کے لیے سستی، قابلِ بھروسہ اور پائیدار توانائی یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کمپیٹیٹیو ٹریڈنگ بائی لیٹرل کنٹریکٹ مارکیٹ اس وژن کا مرکزی حصہ ہے۔ عالمی بہترین طریقہ کار سے رہنمائی لیتے ہوئے، سی ٹی بی سی ایم کو اس شعبے میں زیادہ شفافیت، کارکردگی اور مسابقت لانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

سردار اویس لغاری نے کہا کہ یہ کوئی تجربہ نہیں بلکہ ایک سوچی سمجھی اصلاحات ہیں جن پر برسوں سے کام جاری ہے۔ اور اب ہم اس وژن کو عملی حقیقت میں بدل رہے ہیں اور بہت جلد اس مسابقتی مارکیٹ کو فعال کریں گے۔

وزیر نے کہا کہ آکشن فریم ورک، سی ٹی بی سی ایم کے نفاذ کا بنیادی ستون ہے۔ نیلامیوں کے ذریعے 800 میگاواٹ وہیلنگ ڈیمانڈ کی الاٹمنٹ کے لیے ایک واضح، شفاف اور مسابقتی طریقہ کار فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نیلامی کے رہنما اصولوں اور طریقہ کار پر مشاورت کے ذریعے یہ یقینی بنانا چاہتی ہے کہ حتمی دستاویزات اسٹیک ہولڈرز کی رائے کی عکاسی کریں اور زیادہ مؤثر نیلامیوں کو ممکن بنائیں۔

وزیر نے کہا کہ یہ فریم ورک صرف قواعد و ضوابط تک محدود نہیں بلکہ اعتماد سازی، نئے شراکت داروں کی حوصلہ افزائی اور صارفین کو حقیقی انتخاب کا اختیار دینے سے متعلق ہے۔ صنعتی بلک پاور صارفین خاص طور پر وہیلنگ انتظامات سے فائدہ اٹھا سکیں گے، جس کے ذریعے وہ اپنی پسند کے سپلائر سے مسابقتی نرخوں پر براہِ راست بجلی حاصل کر سکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اصلاح ایک نہایت اہم وقت پر سامنے آئی ہے۔ پاکستان اپنی معیشت کو مستحکم کرنے، صنعتی مسابقت بڑھانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی جدوجہد کر رہا ہے۔ قابلِ بھروسہ اور مسابقتی قیمتوں پر بجلی ترقی کے سب سے اہم محرکات میں سے ایک ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی ٹی بی سی ایم اور خاص طور پر وہیلنگ آکشن کے انتظامات سے: (i) قابلِ تجدید توانائی کے ذرائع کے انضمام میں سہولت ملے گی، (ii) صنعتوں کے لیے توانائی کے اخراجات کم ہوں گے، اور (iii) برآمدی شعبوں کو سستی، قابلِ بھروسہ اور ماحول دوست توانائی تک رسائی کے مواقع ملیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اصلاحات صرف توانائی کے شعبے تک محدود نہیں بلکہ معیشت، ماحولیات اور عوام کی فلاح و بہبود سے بھی وابستہ ہیں۔

وزیر نے کہا کہ تمام مارکیٹ شرکاء، بشمول صارفین کے گروپس، جنریٹرز، سپلائرز اور ممکنہ سرمایہ کار، قیمتی آراء رکھتے ہیں۔ سوالات، خدشات اور سفارشات ایک ایسے مارکیٹ ڈھانچے کی تشکیل کے لیے ضروری ہیں جو منصفانہ، مؤثر اور مستقبل پر مبنی ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم کوئی بالا دستی پر مبنی اصلاح نافذ نہیں کررہے بلکہ ایک شراکتی فریم ورک تشکیل دے رہے ہیں جہاں ہر آواز کی اہمیت ہے۔ میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ یہ حکومت اور آئی ایس ایم او ایک جامع اور شمولیتی حکمتِ عملی کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیر نے اعتراف کیا کہ اس پیمانے کی اصلاحات ہمیشہ چیلنجز کے بغیر نہیں ہوتیں۔ مارکیٹ ڈیزائن، تکنیکی ضوابط اور ادارہ جاتی ہم آہنگی محتاط غور و فکر اور محنت طلب عمل درآمد کا تقاضا کرتے ہیں۔

تاہم، کچھ نہ کرنے کی قیمت کہیں زیادہ ہے۔ اصلاحات کے بغیر، غیر مؤثریت برقرار رہے گی، سرمایہ کار ہچکچائیں گے اور صارفین ایک ایسے نظام کا بوجھ اٹھاتے رہیں گے جو اب ان کی ضروریات پوری نہیں کرتا۔ لہٰذا یہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ پاکستان پیچھے نہ رہ جائے بلکہ اعتماد کے ساتھ بجلی مارکیٹ کی لبرلائزیشن کی جانب بڑھے۔

لغاری نے مزید کہا کہ یہ اصلاح اختیاری نہیں بلکہ ناگزیر ہے۔ پاکستان کی حکومت آئی ایس ایم او اور نیپرا کے ساتھ مکمل طور پر کھڑی ہے تاکہ سی ٹی بی سی ایم کو عملی شکل دی جا سکے اور آکشن فریم ورک نافذ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس تبدیلی کو کامیاب بنانے کے لیے درکار ہر قسم کی سیاسی اور ادارہ جاتی حمایت فراہم کریں گے۔ مل جل کر ہم یہ یقینی بنا سکتے ہیں کہ یہ اصلاح اپنے وعدے پر پوری اترے: ایک ایسا توانائی کا شعبہ جو مؤثر، شفاف، مسابقتی ہو اور آنے والی دہائیوں تک پاکستان کی ترقی کو توانائی فراہم کرنے کے قابل ہو۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025