بلوچستان کے ضلع خضدار میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران بھارتی پراکسی فتنۃ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک کردیے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 17 ستمبر کو بلوچستان کے ضلع خضدار میں ایک انٹیلیجنس پر مبنی آپریشن (آئی بی او) انجام دیا جہاں اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروپ، فتنہ الہندوستان، کے عناصر موجود ہیں۔

آپریشن کے دوران پاک فوج کے جوان نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر مؤثر کارروائی کی اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مارےگئے دہشت گرد مختلف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ باردو برآمد کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے کیونکہ پاکستانی سکیورٹی فورسز ملک سے بھارت کی پشت پناہی حاصل کرنے والے دہشت گردی کے خطرے کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گردی کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے قوم کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔