آرٹسٹک ملینرز، پاکستان کی ایک بڑی ٹیکسٹائل کمپنی، نے ایلیویٹ ٹیکسٹائلز سے تاریخی امریکی ڈینم برانڈ، کون ڈینم، میں اکثریتی حصہ حاصل کرلئے ہیں۔

بیان کے مطابق نئی کمپنی تاریخی کون ڈینم کے نام کے تحت کام کرے گی، جبکہ آرٹسٹک ملینرز کے پاکستان میں آپریشنز اور کاروبار آزادانہ طور پر جاری رہیں گے۔ اس لین دین کو 2026 کی پہلی سہ ماہی میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔

معاہدے کے تحت، کون ڈینم مکمل عمودی، اینڈ ٹو اینڈ حل فراہم کرے گا، جس میں اعلیٰ معیار کے ڈینم کپڑے سے لے کر مہارت کے ساتھ تیار شدہ ملبوسات تک سب شامل ہیں۔

آرٹسٹک ملینرز کے مرتضیٰ احمد اور عمر احمد نے کہا کہ ہم کون ڈینم کی مسابقتی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی مہارت کا بھرپور استعمال کریں گے۔ کون ڈینم اپنی منفرد شناخت برقرار رکھتے ہوئے اپنی کاروباری حکمت عملی جاری رکھے گا۔ ہمارا مقصد کون ڈینم کی ٹیم کے ساتھ مل کر 130 سال سے زائد کی میراث اور کامیابیوں کو آگے بڑھانا ہے۔

یہ نئی کمپنی عالمی سطح پر ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی اور اس میں ہر تنظیم کے منتخب شدہ اثاثوں کا مجموعہ شامل ہوگا۔

کون ڈینم اب میکسیکو کے پارراس اور ییکاپیکسٹلا میں اپنے موجودہ ملز، چین کے جیا شنگ میں اپنی فیکٹری، آرٹسٹک ملینرز کی حال ہی میں پارراس، میکسیکو میں قائم گارمنٹ فیسیلیٹی، اور لاس اینجلس میں اسٹار فیڈز انٹرنیشنل (SFI) لانڈری اور ڈیولپمنٹ سینٹر کو بھی چلائے گا۔

احمدز نے مزید کہا کہ کون ڈینم کی حیثیت ایک ممتاز امریکی مینوفیکچرر کے طور پر اب آرٹسٹک ملینرز کے عالمی پورٹ فولیو کا حصہ بن گئی ہے۔ یہ بین الاقوامی تنظیم ہمارے مشترکہ انفرااسٹرکچر اور مہارت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے صارفین کو بے مثال سروس فراہم کرے گی۔ ہمارے کثیر القومی مینوفیکچرنگ مراکز تیز رفتاری، بڑے پیمانے پر پیداوار اور یقینی سپلائی فراہم کریں گے۔

کون ڈینم آرٹسٹک ملینرز کے تحت ایک علیحدہ پورٹ فولیو کمپنی کے طور پر کام جاری رکھے گی۔ کون ڈینم کے صدر اسٹیو میگیڈ، نئی کمپنی کی قیادت کریں گے اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کو رپورٹ کریں گے، جس میں عمر احمد، مرتضیٰ احمد اور جیفری پی۔ پرچٹ شامل ہیں، جبکہ دیگر ڈائریکٹرز بعد میں متعین کیے جائیں گے۔

ایلیویٹ ٹیکسٹائلز کے سی ای او اور بورڈ کے رکن جیفری پرچٹ نے کہا کہ ہم دو عالمی ڈینم رہنماؤں کو مشترکہ اقدار کے ساتھ یکجا کرنے پر پرجوش ہیں تاکہ کون ڈینم کے نام اور میراث کو آگے بڑھایا جا سکے۔ کون ڈینم اور آرٹسٹک ملینرز دونوں طویل عرصے سے ٹیکسٹائل شعبے میں سرگرم ہیں اور جدت، شفافیت اور پائیداری کے لیے عالمی سطح پر پہچانے جاتے ہیں۔ یہ دونوں معتبر، ذمہ دار اور اخلاقی مینوفیکچررز ہیں۔

اسٹیو میگیڈ نے کہا کہ ہم اپنے صارفین کو بہتر کپڑوں کی ورائٹی، ڈیزائن میں جدت اور جامع گارمنٹ سروسز فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، اس میں شمالی افریقہ میں ہماری منصوبہ بند توسیع بھی شامل ہے۔