بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے شیر بندی میں منگل کے روز ایک بارودی سرنگ حملے میں پاک فوج کے کم از کم پانچ جوان، جن میں ایک کیپٹن بھی شامل ہیں، شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز کلیئرنس آپریشن کے لیے حرکت میں تھیں کہ اس دوران بارودی سرنگ دھماکہ ہوگیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق، بعد ازاں کیے گئے کلیئرنس آپریشن میں بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الہندوستان کے پانچ دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں موجود دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ بہادر افسران اور جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، اور پاکستان کی سکیورٹی فورسز، پوری قوم کے ساتھ مل کر، ملک سے بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایک روز قبل ہی سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 31 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔