دفتر خارجہ کے مطابق صدرِ پاکستان آصف علی زرداری چینی حکومت کی دعوت پر 12 سے 21 ستمبر تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔
دورے کے دوران صدر آصف زرداری کا چینگ ڈو، شنگھائی اور سنکیانگ ویغور خودمختار علاقہ جانا متوقع ہے، جہاں وہ متعلقہ صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
مذاکرات میں پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی، خاص طور پر تجارت، اقتصادی تعاون، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اور مستقبل کے روابط کے منصوبوں پر بات چیت ہوگی۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کثیرالجہت عالمی فورمز پر تعاون سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
یہ دورہ پاکستان اور چین کے مابین اعلیٰ سطح کے روابط کی روایت کا تسلسل ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سدا بہار اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
مزید یہ کہ یہ دورہ علاقائی امن، ترقی اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کو بھی اجاگر کرے گا۔