پاکستان اور قازقستان کا معاشی تعلقات اور علاقائی رابطے مضبوط بنانے کا عزم
- قازق وزیر خارجہ کا دورہ قازقستان کے صدر کے آئندہ دورۂ پاکستان کی تیاری کیلئے ہے
پاکستان اور قازقستان نے منگل کے روز سیاسی و معاشی تعلقات کو مزید گہرا کرنے، علاقائی روابط کو بڑھانے اور نومبر میں ہونے والے قازق صدر کے دورہ پاکستان سے قبل قریبی تعاون برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یہ پیش رفت وزارتِ خارجہ اسلام آباد میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور قازق ہم منصب مراد نورتیلو کے درمیان ہونے والی بالمشافہ ملاقات کے دوران سامنے آئی۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق دونوں دوست ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی مختصر نشست کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔
قابل ازیں قازقستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ مراد نورتیلو پیر کے روز دو روزہ سرکاری دورے پر وفاقی دارالحکومت پہنچے، جہاں ان کا استقبال ایڈیشنل سیکریٹری ویسٹ ایشیا سید علی اسد گیلانی اور دیگر سینئر حکومتی عہدیداروں نے کیا۔
پاکستان، قازقستان تجارتی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور
مراد نورتیلو کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح 13 رکنی وفد بھی ہے جس میں قازقستان کے وزیرِ ٹرانسپورٹ بھی شامل ہیں۔
قازق وزیر خارجہ کا یہ اہم دورہ قازق صدر کے دورۂ پاکستان سے قبل ہو رہا ہے جو نومبر میں طے ہے۔
وزارتِ خارجہ نے 7 ستمبر کے اعلامیے میں کہا تھا کہ مراد نورتیلو صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ مذاکرات آنے والے صدارتی دورے کی تیاریوں کا جائزہ لینے اور پاک-قازق دوطرفہ تعاون کے پورے دائرہ کار پر جامع تبادلہ خیال کا موقع فراہم کریں گے، جن میں بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری، زراعت، تعلیم، ثقافتی اور سیاحتی تبادلے، علاقائی روابط اور لاجسٹکس، اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون پر توجہ دی جائے گی۔