کراچی ٹریفک پولیس نے ہفتہ کے روز شہر بھر میں نکلنے والے 12 ربیع الاول، عید میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں کے لیے ٹریفک مینجمنٹ پلان جاری کر دیا ہے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) کراچی ٹریفک پولیس کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ”تمام ایس ایس پیز ٹریفک اپنے متعلقہ اضلاع میں عید میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں کی نگرانی خود کریں گے۔“
واضح رہے کہ دنیا بھر کے مسلمان 12 ربیع الاول کو پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کی خوشی میں عید میلاد النبی ﷺ مناتے ہیں، جو کہ اسلامی قمری کیلنڈر کے تیسرے مہینے کی اہم تاریخ ہے۔
پولیس کے مطابق عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر دو مرکزی جلوس میمن مسجد سے دوپہر 2 بجے کے بعد روانہ ہوں گے۔
ان میں سے ایک جلوس مولانا اکبر درس کی قیادت میں دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر میمن مسجد سے روانہ ہو گا اور آرام باغ مسجد پر اختتام پذیر ہو گا۔
کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق، عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر دوسرا مرکزی جلوس مولانا شاہ عبد الحق قادری کی قیادت میں شام 3 بجے میمن مسجد سے روانہ ہو گا، جو نشتر پارک پر اختتام پذیر ہوگا۔
متبادل راستے (ڈائیورشنز)
نارتھ/سینٹرل زون: ناظم آباد سے آنے والے شہری لاس بیلا چوک سے نشتر روڈ اور پھر گارڈن ایریا کا راستہ اختیار کریں۔
لیاقت آباد سے آنے والے افراد ٹین ہٹی روڈ کے ذریعے لاس بیلا چوک اور وہاں سے مارٹن روڈ (سینٹرل جیل) کی طرف بائیں مڑ سکتے ہیں۔
حسن اسکوائر تا پیپلز چورنگی سفر کرنے والوں کے لیے راستہ: کشمیر روڈ → سوسائٹی لائٹ سگنل (شارع قائدین) → جیل روڈ فلائی اوور → ٹین ہٹی → نشتر روڈ (لاس بیلا چوک)۔
بند راستے: گورو مندر سے اولڈ نمائش چورنگی تک کسی بھی قسم کی ٹریفک کی اجازت نہیں ہوگی۔
ڈسٹرکٹ ایسٹ: شارع فیصل سے شارع قائدین (نورانی کباب) اور اولڈ نمائش جانے والے شہریوں کو ہدایت ہے کہ سوسائٹی لائٹ سگنل سے دائیں مڑ کر کشمیر روڈ استعمال کریں۔
جیل گیٹ (جامشید روڈ) سے گورو مندر/ایم اے جناح روڈ جانے والے بہادر یار جنگ روڈ کے ذریعے سولجر بازار پہنچ سکتے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ساؤتھ: گارڈن/چڑیا گھر سے ایم اے جناح روڈ جانے کے لیے انکلسیریا اسپتال اور مکی مسجد کے سامنے والا راستہ استعمال کریں، وہاں سے دائیں مڑ کر گل پلازہ یا بائیں مڑ کر کوسٹ گارڈ/ہولی فیملی اسپتال کی طرف جا سکتے ہیں۔
لکی اسٹار سے ایمپریس مارکیٹ کے راستے ایم اے جناح جانے والوں کی ٹریفک کو صدر دواخانہ سے پیپلز چورنگی کی طرف موڑا جائے گا۔
برنس روڈ جانے والوں کی ٹریفک عبداللہ ہارون روڈ سے ایم آر کیانی چوک کی طرف موڑی جائے گی۔
مزید بندشیں: ایم آر کیانی چوک سے کورٹ روڈ (کبوتر چورنگی) تک ٹریفک بند رہے گی، گاڑیوں کو آرٹس کونسل (اسٹریچن روڈ) سے پاکستان چوک کی طرف موڑا جائے گا۔
شارع لیاقت سے برنس روڈ جانے والی ٹریفک کو آرام باغ سگنل سے پاکستان چوک کی طرف منتقل کیا جائے گا۔
اہم ہدایات: عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر تمام ہیوی اور کمرشل گاڑیوں کے شہر میں داخلے پر پابندی ہو گی۔
ایم اے جناح روڈ پر صرف وہی گاڑیاں داخل ہو سکیں گی جن کے ونڈ اسکرین پر جلوس کے اسٹیکر موجود ہوں گے۔
جلوس کے تمام راستوں پر پارکنگ کی اجازت نہیں ہو گی۔
رابطہ برائے مدد: کراچی ٹریفک پولیس ہیلپ لائن: 1915 (24/7 دستیاب)، واٹس ایپ: 0305-9266905 ، فیس بک: Karachi Traffic Police، ریڈیو اپ ڈیٹس: FM 88.6 (سندھ پولیس)
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متبادل راستوں کو اختیار کریں تاکہ کسی پریشانی یا تاخیر سے بچا جا سکے۔