سال 2025 کا پہلا بلڈ مون پاکستان میں اتوار کی رات مکمل چاند گرہن کے دوران دیکھا جائے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مکمل چاند گرہن 7 اور 8 ستمبر 2025 کی درمیانی رات دیکھا جائے گا۔

مکمل چاند گرہن کے دوران جب زمین سورج کی روشنی کو روکتی ہے تو چاند زمین کے ماحول سے روشنی کے مڑنے کی وجہ سے سرخ دکھائی دیتا ہے۔ اس منظر کو بلڈ مون کہا جاتا ہے۔

چاند گرہن کا شیڈول :

  • چاند گرہن کا آغاز 7 ستمبر کو شام 8:28 بجے ہوگا
  • جزوی چاند گرہن 7 ستمبر کو شام 9:27 بجے ہوگا
  • گرہن اپنےعروج پر 7 ستمبر رات 11:12 بجے پہنچے گا
  • جزوی گرہن کا اختتام 8 ستمبر کی صبح 12:57 بجے ہوگا
  • مکمل چاند گرہن کا اختتام 8 ستمبر کو صبح 1:55 بجے ہوگا

چنانچہ، اس گرہن کی مدت 5 گھنٹے اور 27 منٹ ہوگی اور یہ پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر حصوں میں دیکھا جائے گا۔

اس موقع پر آ سما ن سرخ رنگ کی روشنی سے منور ہوجائے گا جسے بلڈ مون کہا جاتا ہے۔

چاند گرہن ایشیا، یورپ، افریقہ، آسٹریلیا اور پیسفک کے علاقے سمیت شمالی امریکہ کے مغربی حصے اور جنوبی امریکہ کے مشرقی حصے میں بھی دیکھا جائے گا۔ بھارت، بنگلہ دیش، چین، جاپان اور سعودی عرب میں بھی یہ گرہن دیکھا جائے گا۔

محکمہ موسمیات نے وضاحت کی ہے کہ یہ اس وقت ہوتا ہے جب زمین، چاند اور سورج ایک سیدھی لکیر میں آ جائیں جس کی وجہ سے چاند مکمل طور پر زمین کے سائے میں چھپ جاتا ہے۔

بزنس ریکارڈر ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے پی ایم ڈی کے ڈپٹی ڈائریکٹر (کلائمیٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر) آصف حسین نے کہا کہ بلڈ مون کوئی سائنسی اصطلاح نہیں ہے، اس لیے پریس ریلیز میں اس کا ذکر نہیں کیا جاتا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس چاند گرہن میں چاند سرخ رنگ کا نظر آئے گا۔