محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ رواں ہفتے کے اختتام سے سندھ کے مختلف علاقوں بشمول کراچی میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ خلیج بنگال میں ہوا کا ایک دباؤ موجود ہے، یہ سسٹم 7 سے11 ستمبر تک سندھ پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔

اس سسٹم سے سندھ میں معتدل سے تیز بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ اس دوران کراچی میں بھی بارش کا امکان ہے اور تیز بارش کی صورت میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

تاہم 5 ستمبر تک بندرگاہی شہر میں شدید بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

گزشتہ ماہ ہونے والی شدید بارشوں نے کراچی میں تباہی مچا دی تھی جس کے نتیجے میں کئی افراد جان کی بازی ہار گئے، شہر کے مختلف علاقوں میں 12 سے 48 گھنٹے تک بجلی کی فراہمی معطل رہی، کئی مقامات پر سڑکیں خراب ہو گئیں اور گڑھوں میں جمع پانی کی وجہ سے ٹریفک جام کی صورت حال پیدا ہوئی۔

پنجاب پہلے ہی مسلسل مون سون کی بارشوں اور بھارت کی جانب سے ڈیموں کا پانی چھوڑنے کے باعث آنے والے سیلاب سے متاثر ہے۔

آج نیوز کے مطابق پیر کو اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید بارشوں نے سڑکیں تالابوں میں تبدیل کردیں اور نالے اُبل اٹھے۔ وفاقی دارالحکومت کی کئی سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں جسسے درجنوں گاڑیاں پھنس گئیں اور روزمرہ زندگی شدید متاثر ہوئی۔