چین کا اقتصادی ترقی کے تمام شعبوں میں پاکستان سے تعاون جاری رکھنے کا اعلان
- وزیرِاعظم شہباز شریف سے صدر شی جن پنگ کی ملاقات، قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق
چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین سی پیک کے دوسرے مرحلے سمیت پاکستان کی اقتصادی ترقی کے تمام اہم شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا۔
یہ بات چینی صدر شی جن پنگ نے بیجنگ میں وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کہی۔
اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کو منفرد اور بے مثال قرار دیا اور علاقائی و عالمی امور پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط، ہر موسم میں قائم رہنے والے اسٹریٹجک تعاون کے شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اپنے مشترکہ عزم اور وابستگی کو دوبارہ دہرایا۔
وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کی بصیرت اور تبدیلی لانے والی قیادت کی تعریف کی اور کہا کہ چین کی کامیابیاں پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہیں اور پاکستان اس ترقی کے سفر میں چین کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔
شہباز شریف نے چین کی جانب سے پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر کی بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) کے فلیگ شپ پروجیکٹ کے طور پر سی پیک کی اہمیت کو بھی سراہا اوراپ گریڈ شدہ سی پیک کے اگلے مرحلے جس میں 5 نئے کوریڈور شامل ہیں، کی کامیاب تکمیل کے لیے چین کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
پی ایم او کے مطابق وزیراعظم نے کہا یہ دونوں ممالک کو ایک مضبوط پاکستان-چین کمیونٹی قائم کرنے میں مدد دے گا۔
انہوں نے صدر شی جن پنگ کے گلوبل گورننس، ڈویلپمنٹ، سیکیورٹی اور سولائزیشن انیشیئیٹوز کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ اقدامات عالمی امن، استحکام اور ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔