اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پیر کے روز سنی اتحاد کونسل (ایس آئی سی) کے ان ارکانِ اسمبلی کے استعفے مسترد کر دیے جو انہوں نے مختلف پارلیمانی قائمہ کمیٹیوں سے دیے تھے۔ یہ بات آج نیوز نے اپنی رپورٹ میں بتائی ہے۔

ذرائع کے مطابق سنی اتحاد کونسل( ایس آئی سی) کے کئی ارکان، جن میں بیرسٹر گوہر خان بھی شامل ہیں، نے یہ استعفے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی ہدایت پر جمع کروائے تھے، جو اس وقت جیل میں قید ہیں۔ عمران خان نے اپنے حامیوں کو پارلیمانی عمل سے علیحدگی اختیار کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

یہ اقدام ان وسیع تر احتجاجی مظاہروں کا حصہ تھا جو پی ٹی آئی سے وابستہ ایس آئی سی ارکان کی سزاؤں، نشستوں سے محرومی اور نااہلی کے خلاف جاری ہیں، جن میں قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف عمر ایوب اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ دونوں رہنماؤں کو 9 مئی کے واقعات سے منسلک مقدمات میں انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کی جانب سے10، 10 سال تک قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔

استعفے مسترد کرتے ہوئے اسپیکر ایاز صادق نے ایس آئی سی ارکان پر زور دیا کہ وہ پارلیمانی عمل میں شریک رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”ہم کوشش کریں گے کہ ایس آئی سی کے ارکان اپنے استعفے واپس لے لیں۔“