پاکستان میں پیر کو پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا جس کے بعد رواں سال ملک میں پولیو کے کیسز کی کل تعداد 24 ہوگئی۔

اسلام آباد کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) میں انسداد پولیو کے لئے ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے ضلع ٹانک کے یونین کونسل پنگ اے سے تازہ ترین پولیو کیس کی تصدیق کی ہے۔

جنوبی خیبر پختونخوا سے رپورٹ ہونے والا 14واں کیس ایک 20 ماہ کی بچی سے متعلق ہے۔

یاد رہے کہ 2025 میں خیبر پختونخوا میں 16، سندھ 6 اور پنجاب، گلگت بلتستان میں ایک ایک پولیو کیس سامنے آچکا ہے۔

گزشتہ ماہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان لوئر اور سندھ کے ضلع بدین سے ایک ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا تھا۔

قومی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ قابل ذکر پیشرفت کے باوجود پولیو کے کیسز میں اضافہ خاص طور پر جنوبی خیبر پختونخوا میں تشویش کا باعث ہے۔

ادارے نے مزید کہا کہ یہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ مشکل رسائی والے علاقوں میں رہنے والے اور کم ویکسین قبول کرنے والے بچوں کو اب بھی خطرہ لاحق ہے۔

تاہم قومی اور صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز تمام ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں تاکہ اعلیٰ معیار کی ویکسینیشن مہمات کو مؤثر طریقے سے نافذ کیا جاسکے۔