سعودی عرب کی کم لاگت ایئرلائن فلائی ایڈل نے پاکستان میں اپنی شیڈول پروازیں باضابطہ طور پر شروع کر دی ہیں، جس کا آغاز اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئرلائن کی پہلی پرواز کے پہنچنے کے ساتھ ہوا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے ) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق، پیر کو پشاور ایئرپورٹ پر ایئرلائن کی پہلی پرواز کا استقبال کیک کٹنگ تقریب کے ساتھ کیا گیا، جو منزیس آر اے ایس کی جانب سے انٹرنیشنل ڈیپارچر لاؤنج میں سی آئی پی لاؤنج کے سامنے منعقد کی گئی۔
پی اے اے نے بتایا کہ فلائی ایڈل کی پہلی پرواز FAD 651/652 چوبیس اگست 2025 کو اسلام آباد پہنچی۔
ریاض سے آنے والا طیارہ شیڈول سے پہلے صبح 06:08 بجے اترا جس میں 65 مسافر سوار تھے جبکہ ریٹرن پرواز صبح 07:33 بجے روانہ ہوئی جس میں 172 مسافر سوار تھے۔
واپسی کی پرواز صبح 07:33 بجے روانہ ہوئی جس میں 172 مسافر سوار تھے۔
ایئرلائن ہر اتوار کو ریاض اور اسلام آباد کے درمیان ہفتہ وار پروازیں چلائے گی۔
پی اے اے نے فلائی ایڈل کے پاکستان کی فضائی مارکیٹ میں داخلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پشاور اور اسلام آباد کے لیے نئی خدمات رابطے کو مضبوط کریں گی، مسافروں کے لیے سہولت فراہم کریں گی اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دیں گی۔
واضح رہے کہ فروری میں فلائی ایڈل نے باضابطہ طور پر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اپنی پہلی پرواز کے ساتھ پاکستان میں آپریشن شروع کیا تھا۔ ایئرلائن نے اعلان کیا کہ جدہ اور ریاض سے کراچی کے لیے ہفتے میں دو پروازیں چلائی جائیں گی۔