ویمنز نیشنل سلیکشن کمیٹی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ۔
فاطمہ ثناء پہلی مرتبہ ون ڈے ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی کپتانی کریں گی۔ ٹورنامنٹ 30 ستمبر سے 2 نومبر تک منعقد ہوگا۔
فاطمہ ثناء کی کپتانی میں 15 رکنی اسکواڈ جنوبی افریقہ سے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچ بھی کھیلے گا، یہ سیریز لاہور میں 16 سے 22 ستمبر تک ہوگی۔ جنوبی افریقا ویمنز ٹیم 12 ستمبر کو لاہور پہنچے گی۔
ایمان فاطمہ جنہوں نے حال ہی میں آئرلینڈ کے خلاف اپنا ٹی20 انٹرنیشنل ڈیبیو کیا ہے کو پہلی بار پاکستانی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
فاطمہ ثناء جنہوں نے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے پچھلے ایڈیشن میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی، میگا ایونٹ میں پہلی بار ٹیم کی قیادت کریں گی۔ 23 سالہ کھلاڑی نے اس سے پہلے رواں سال لاہور میں منعقدہ آئی سی سی ویمنز سی ڈبلیو سی کوالیفائر میں ٹیم کی کپتانی کی تھی جہاں ٹیم نے 100 فیصد جیت کا ریکارڈ برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔
پاکستان ویمن ٹیم گروپ کے تمام میچ کولمبو کے آر پرما داسا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔ اگر پاکستان 29 اکتوبر کو سیمی فائنل اور 2 نومبر کو فائنل کے لیے کوالیفائی کرتی ہے تو یہ دونوں میچز بھی کولمبو میں ہوں گے۔
نتالیہ پرویز، رامین شميم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، شوال ذوالفقار اور سیدہ عروب شاہ پہلی بار ون ڈے ورلڈکپ کھیلیں گی۔
مزید برآں 21 سالہ عرب، 20 سالہ شوال اور 20 سالہ ایمن نے جنوری 2023 میں جنوبی افریقہ میں منعقدہ آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے ایڈیشن میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔
قومی ویمن ٹیم کا اسکواڈاسکواڈ میں فاطمہ ثناء (کپتان)، منیبہ علی صدیقی(وائس کپتان)، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، ایمان فاطمہ، نشرا سندھو، نتالیا پرویز، عمائمہ سہیل، رامین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سدرہ نواز (وکٹ کیپر) اور سیدہ عروب شاہ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ نان ٹریولنگ ریزروز میں گل فیروزہ، نجيحہ علوی، طوبیٰ حسن، امِ ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔