پاکستان
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سے بنگلادیش آرمی کے کوارٹرماسٹر جنرل کی ملاقات، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے بنگلہ دیش آرمی کے کوارٹر ماسٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد فیض الرحمٰن نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی ہے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یہ اطلاع جمعہ کے روز دی ہے۔
ملاقات میں خطے کی موجودہ سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں موجود تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو اُجاگر کرتے ہوئے دفاعی تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی کی۔
معزز مہمان نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔