مقبول نوجوان مواد تخلیق کار اور سوشل میڈیا انفلوئنسر طلحہ احمد کا انسٹاگرام اکاؤنٹ نامعلوم وجوہات کی بنا پر معطل کر دیا گیا ہے۔

طلحہ نے یہ خبر اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر شیئر کی اور لکھا: “ان شاء اللہ اور زیادہ مضبوط ہو کر واپس آؤں گا۔“عام شہریوں سے متعلق موضوعات پر مبنی ان کی ویڈیوز، خصوصاً سیاسی شخصیات اور حکام پر طنزیہ خاکے، عوام میں بے حد مقبول ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اکاؤنٹ معطلی کے بعد نوجوان انفلوئنسر طلحہ احمد کے مداح بڑی تعداد میں ان سے اظہارِ ہمدردی کر رہے ہیں، جنہیں ان کی مثبت اور ترقی پسند سوچ پر مبنی ویڈیوز کے باعث بھی بے حد پسند کیا جاتا ہے۔

انسٹاگرام کی جانب سے اکاؤنٹ معطلی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا گیا کہ ”آپ کا اکاؤنٹ یا اس پر ہونے والی سرگرمی انسٹاگرام کے استعمال سے متعلق ان شرائط کی خلاف ورزی کرتی ہے جو صارفین کے لیے مقرر کی گئی ہیں۔“

تاہم، انسٹاگرام کی جانب سے دی گئی اطلاع کے مطابق طلحہ احمد کے پاس اس فیصلے کے خلاف 180 دن میں اپیل کرنے کا اختیار موجود ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ طلحہ احمد نے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے نوجوان ڈیجیٹل تخلیق کار کی صلاحیت اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر کامیابی کو سراہا تھا۔

ان کی خدمات کے اعتراف میں وزیرِ اعظم نے طلحہ احمد کو اعزازی شیلڈ اور ایک الیکٹرانک ٹیبلیٹ بھی بطور تحفہ پیش کیا تھا۔