پولیس کے مطابق جمعرات کو کراچی میں آتش بازی کے ایک گودام میں دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
دھماکے کے بعد گودام اور قریبی دکانوں میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد کئی چھوٹے دھماکے بھی ہوئے، جس پر علاقے کے مکینوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہونا پڑا۔
ایک رہائشی عاقب خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگا جیسے کئی بم پھٹ گئے ہیں۔‘
دھماکے کے اثرات اتنے شدید تھے کہ قریبی دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور سڑک پر موجود لوگوں کو ان کے ٹکڑے لگے۔
پولیس اہلکار سمعیہ طارق نے بتایا کہ کم از کم 34 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے 4 افراد رات گئے دم توڑ گئے۔
مقامی نیوز چینلز پر دکھائے جانے والے مناظر میں دیکھا گیا کہ ایک کثیر المنزلہ عمارت سے دھواں اٹھ رہا تھا اور فائرفائٹرز آگ بجھانے کی کوشش کر رہے تھے۔ ابتدائی دھماکے کی وجہ کے بارے میں کوئی اشارہ نہیں ملا۔
مقامی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں لوگوں کو محفوظ مقامات کی جانب بھاگتے اور موٹر سائیکل سواروں کو گاڑیاں تیزی سے موڑتے ہوئے دیکھا گیا۔
یہ دھماکا ایک روز بعد ہوا جب شدید مون سون بارشوں نے شہر کو مفلوج کر دیا تھا۔
کراچی پاکستان کا مالیاتی دارالحکومت ہے جہاں 2 کروڑ سے زائد آبادی رہتی ہے۔