ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں رہنے والے لوگ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو بے نقاب کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں سیکورٹی فورسز کو بلوچستان کے عوام اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔
یہ بات انہوں نے آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام جاری انٹرن شپ پروگرام میں شریک طلبا سے ایک خصوصی نشست کے دوران کہی۔
نشست کے دوران پاکستان، بالخصوص بلوچستان کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی، جس میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبا نے سوالات کیے، جن کے جوابات ڈی جی آئی ایس پی آر نے تفصیل سے دیے۔
ایک سوال کے جواب میں، جس میں بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف بڑے آپریشن اور گھر گھر تلاشی کی تجویز دی گئی، لیفٹیننٹ جنرل چوہدری کا کہنا تھا کہ ایک فرد کی دہشت گردی کی سزا پورے علاقے یا گاؤں کو نہیں دی جا سکتی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ کسی بھی علاقے میں آپریشن تب ہی کامیاب ہو سکتا ہے جب عوام خود دہشت گردوں کی نشاندہی کریں۔
انہوں نے کہا کہ صرف فوج کا کسی علاقے کو کلیئر کرنا، آپریشن کرنا، اور پھر واپس چلے جانا موثر نہیں، کیونکہ دہشت گرد دوبارہ واپس آ سکتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں کو بے نقاب کرنا ہوگا، اور یہ سب کچھ حکمت اور دانشمندی سے کیا جانا چاہیے، اسی لیے اسے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز ( آئی بی اوز) کہا جاتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ فوج کا دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کی آڑ میں کسی بے گناہ شہری کو نقصان پہنچانے کا کوئی ارادہ نہیں۔
تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ جو شہری دہشت گردوں کو پناہ دیتے ہیں یا اپنے گھروں میں بارودی مواد ذخیرہ کرتے ہیں، انہیں اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل چوہدری نے کہا کہ ہمیں یہ تاثر دیا جاتا رہا ہے کہ بلوچستان کے عوام اور نوجوانوں کے ذہنوں میں پاکستان کے خلاف کچھ چل رہا ہے، مگر حقیقت اس کے برعکس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام پاکستان اور صوبے کے باہمی رشتے کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ مقامی لوگ اب دہشت گردوں کے خلاف کھڑے ہو رہے ہیں اور ان کی شناخت کر رہے ہیں۔ وہ ان دہشت گردوں سے تنگ آ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچ عوام باشعور اور دوراندیش ہیں۔ بلوچستان جا کر خود دیکھیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے یاد دلایا کہ ہر روز پاکستانی افسران، جوان اور شہری ملک کی آزادی اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔
بلوچستان سے تعلق رکھنے والے شہید میجر محمد انور کاکڑ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ایک قابل، بہادر اور محب وطن افسر تھے، جنہوں نے گوادر کے پی سی ہوٹل پر حملے کے دوران کئی دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل چوہدری نے کہا کہ بلوچستان کے تعلیم یافتہ نوجوان اپنی قسمت کے مالک بن رہے ہیں اور ان کی کامیابیاں اس کا ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یار جان عبدالصمد ، جو کیمبرج یونیورسٹی سے فارغ التحصیل اور بولیدہ اسکول کے سابق طالبعلم ہیں، بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ممتاز سائنسدان ہیں۔ اسی طرح شاہ زیب رند نے بین الاقوامی سطح پر کراٹے چیمپئن کے طور پر اپنی پہچان بنائی۔ بلوچستان کی بچیاں اب ڈپٹی کمشنر کے عہدے پر خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔