کراچی اور سندھ کے مختلف علاقوں میں پیر کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کی ہواؤں کے صوبے کے مشرقی حصوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو 18 اگست سے مضبوط ہو کر پورے صوبے میں پھیل جائے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں موسم جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہے گا ، ہفتہ و اتوار کی رات اور صبح ہلکی بارش کے امکانات ہیں جبکہ شام کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں۔

اس دوران درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 37 سینٹی گریڈ اور کم سے کم 28 سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پیر کو گھوٹکی، سکھر، کشمور، نوشہروفیروز، دادو، میرپورخاص، سانگھڑ، خیرپور، شہید بینظیرآباد، حیدرآباد، جامشورو، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو اللہ یار، عمرکوٹ، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، مٹھیاری اور تھرپارکر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 18 اگست کو شکارپور، جیکب آباد، لاڑکانہ اور کمبھر شہداد کوٹ اضلاع اور کراچی ڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

مون سون کی ہواؤں کے اثر سے صوبے کے بیشتر علاقے جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب موسم رہنے کا امکان ہے جبکہ تھرپارکر، عمرکوٹ اور میرپورخاص میں ہفتہ کو ہلکی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کےک مطابق بدین، سانگھڑ، ٹھٹہ، سجاول، جامشورو، حیدرآباد، ٹنڈو اللہ یار، ٹنڈو محمد خان، مٹیاری، شہید بینظیر آباد اور خیرپور اضلاع میں آج ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

مزید برآں اتوار کو تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین اور ٹنڈو محمد خان میں کچھ معتدل اور بعض جگہوں پر شدید بارش کے ساتھ آندھی کا امکان ہے جبکہ سکھر، گھوٹکی، حیدرآباد، سانگھڑ، ٹنڈو اللہ یار، مٹیاری، ٹھٹہ اور خیرپور اضلاع میں ہلکی بارش متوقع ہے۔

قبل ازیں موسمیاتی محکمہ نے اپنی پیش گوئی میں کہا تھا کہ آئندہ ہفتے سندھ کے مختلف شہروں بشمول کراچی میں بارش متوقع ہے، خاص طور پر 18 سے 23 اگست کے درمیان، جب سندھ کے کئی علاقوں میں شدید بارش ہو سکتی ہے۔