اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر میں ہفتہ وار بنیاد پر 7 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی کمی واقع ہوئی، جس کے بعد یکم اگست 2025 تک یہ ذخائر 14.2 ارب ڈالر کی سطح پر آ گئے۔ مرکزی بینک نے یہ بات جمعرات کو ایک رپورٹ میں بتائی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق زر مبادلہ کے ذخائر میں یہ کمی ہفتے کے دوران بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کے باعث ہوئی۔
مرکزی بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے قابل استعمال ذخائر اس وقت 19.50 ارب ڈالر ہیں، جن میں سے 5.3 ارب ڈالر کمرشل بینکوں کے پاس موجود ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یکم اگست 2025 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران، اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 72 ملین ڈالر کی کمی واقع ہوئی، جس کے بعد ذخائر 14.2319 ارب ڈالر رہ گئے۔ یہ کمی بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کی وجہ سے ہوئی ہے۔
25 جولائی 2025 تک اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر 14.30 ارب ڈالر کی سطح پر تھے، جو کہ ایک کروڑ 53 لاکھ ڈالر کی کمی کے بعد ریکارڈ کیے گئے تھے۔