انٹربینک مارکیٹ میں جمعرات کو ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 0.04 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

کاروبار کے اختتام پر امریکی کرنسی کے مقابلے روپیہ 11 پیسے کی بہتری سے 282.56 کا ہوگیا۔

یاد رہے کہ بدھ کو ڈالر 282.67 روپے پر بند ہوا تھا۔

عالمی سطح پر جمعرات کو امریکی ڈالر بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں کمزور رہا کیونکہ فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں کمی کی توقعات میں اضافہ ہوا اور امریکا کے اہم اداروں میں سیاسی جانبداری کے خدشات نے بھی تشویش کو جنم دیا ہے۔

امریکا میں ابتدائی بے روزگاری کے دعوے گزشتہ ہفتے کی مایوس کن نان فارم پے رولز رپورٹ کے بعد توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں جو امریکی ڈالر کی قدر میں کمی کا سبب بنایا۔ دوسری جانب روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے آئندہ ہفتے متوقع مذاکرات سے قبل یورو کو سہارا ملا ہے۔

گزشتہ ہفتے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اُس عہدیدار کو برطرف کر دیا جو اُن کے ناپسندیدہ لیبر ڈیٹا کا ذمہ دار تھا اور اب توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ وہ فیڈرل ریزرو کے بورڈ آف گورنرز میں آئندہ خالی ہونے والی نشست پر کسے نامزد کرتے ہیں اور مرکزی بینک کے آئندہ چیئر کے لیے کون سے امیدوار زیر غور ہیں۔

ڈالر انڈیکس ایشیائی مارکیٹ میں ابتدائی تجارت کے دوران 0.1 فیصد اضافے کے ساتھ 98.259 پر پہنچ گیا۔

امریکی کرنسی جاپانی ین کے مقابلے میں معمولی سی تبدیلی کے ساتھ 147.36 ین پر برقرار رہی۔

یورو 1.1654 ڈالر پر کھڑا تھا جو گزشتہ روز 0.7 فیصد اضافے کے بعد اب تقریباً 0.1 فیصد کمی ظاہر کر رہا ہے۔