کراچی میں خودکار ٹریفک چالان کا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

حکومتِ سندھ نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی نگرانی کے لیے جدید ڈیجیٹل ٹریفک مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرارہے ہیں جسے ٹریفک ریگولیشن سائٹیشن سسٹم (ٹریکس)کا نام دیا گیا ہے۔

محکمہ اطلاعات سندھ نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ نیا نظام انصاف، شفافیت اور جدید ٹریفک ریگولیشن کی جانب ایک عملی قدم ہوگا۔

اس جدید نظام کے تحت شہر بھر میں نصب ہائی ڈیفینیشن (ایچ ڈی) کیمروں کی مدد سے رفتار کی حد عبور کرنے ، سگنل توڑنے اور غلط پارکنگ جیسی خلاف ورزیوں کی خودکار نگرانی کی جائے گی۔

اب شہریوں کو موقع پر روکنے کے بجائے ، خلاف ورزی کی تصویر لے کر ای چالان براہِ راست ان کے گھر کے پتے پر بھیجا جائے گا جس میں خلاف ورزی کا تصویری ثبوت بھی شامل ہوگا۔

چالان 21 دن تک اد نہ ہونے کی صورت میں جرمانہ ڈبل کردیا جائے گا۔

اسی طرح تین ماہ تک عدم ادائیگی کی صورت میں ڈرائیور کا لائسنس معطل ہو سکتا ہے ۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ 6 ماہ تک نادہندہ رہنے کی صورت میں شناختی کارڈ (سی این آئی سی) بلاک کر دیا جائے گا۔