الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے منگل کے روز لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-175 (مظفرگڑھ-1) میں ہونے والے ضمنی انتخاب کا الیکشن شیڈول معطل کر دیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے 30 جولائی کو رکن قومی اسمبلی جمشید احمد دستی کی نااہلی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ضمنی انتخاب کے شیڈول کو معطل کرنے کا حکم دیا تھا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے جولائی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے ایم این اے جمشید دستی کو جعلی دستاویزات جمع کرانے پر نااہل قرار دیا تھا، جس کے بعد ان کی نشست کو خالی قرار دے دیا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حلقہ این اے-175 مظفرگڑھ-1 میں ضمنی انتخاب کے انعقاد سے متعلق الیکشن شیڈول، جو 17 جولائی 2025 کو نوٹیفکیشن نمبر F.8(3)/2025-Coord.-M/F(1) کے تحت جاری کیا گیا تھا، معزز لاہور ہائیکورٹ کے آئندہ حکم تک معطل کیا جاتا ہے۔

جمشید دستی کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخاب 10 ستمبر کو ہونا تھا۔

حلقہ این اے-175 کے ضمنی انتخاب کے لیے جمشید دستی کی اہلیہ سمیت 28 امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے۔