آج نیوز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزارتِ خارجہ نے آخرکار بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کو ”گرین سگنل“ دے دیا ہے، جس کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیے ایشیا کپ 2025 میں پاکستان کے خلاف میچز کھیلنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

ایشیا کپ 2025 میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان، متحدہ عرب امارات، عمان اور ہانگ کانگ شامل ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان بعض معاملات پر اختلافات پائے جاتے تھے، تاہم اب وہ خوش اسلوبی سے حل کر لیے گئے ہیں، جس کے بعد ٹورنامنٹ کے انعقاد میں حائل بڑی رکاوٹیں دور ہو گئی ہیں۔

24 جولائی کو ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی سالانہ جنرل میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین اور اے سی سی کے صدر محسن نقوی نے کہا تھا کہ بی سی سی آئی کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور انہیں یقین ہے کہ ایشیا کپ 2025 سے متعلق تمام معاملات جلد حل ہو جائیں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ماحول مثبت اور تعمیری رہا۔ کوئی سیاست نہیں چاہتا؛ ہم سب کرکٹ کے لیے کام کر رہے ہیں۔

ڈھاکہ، بنگلہ دیش میں ہونے والی اے سی سی کی سالانہ جنرل میٹنگ، جس کی صدارت محسن نقوی نے کی اور جس میں تمام 25 رکن ممالک نے شرکت کی، میں 2025–2026 کے ٹورنامنٹ کیلنڈر کی منظوری دی گئی۔

ایک پریس ریلیز میں اے سی سی کا کہنا تھا کہ یہ منظوری رکن ممالک کے درمیان اعلیٰ معیار کی کرکٹ کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے عزم کا حصہ ہے۔

ایک اہم پیشرفت میں بی سی سی آئی نے اپنی ابتدائی پوزیشن سے پیچھے ہٹتے ہوئے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی سالانہ جنرل میٹنگ میں ورچوئل شرکت کا فیصلہ کیا۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا جب خطے میں جاری سیاسی کشیدگی کے باعث صورتحال غیر یقینی بنی ہوئی تھی۔

اس سے قبل بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ بی سی سی آئی اجلاس میں شرکت سے گریز کر سکتا ہے کیونکہ بھارت، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سفارتی تعلقات کشیدہ تھے۔

بھارت کے پاس ایشیا کپ 2025 کی میزبانی کے حقوق فی الحال موجود ہیں لیکن پاکستان اور بھارت کے درمیان مئی میں ہونے والی فوجی کشیدگی کے بعد، ٹورنامنٹ کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی تھی تاکہ کسی قسم کی حساسیت سے بچا جا سکے۔

گزشتہ ماہ بھارتی میڈیا نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ بی سی سی آئی نے ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے، تاہم یہ افواہ بی سی سی آئی حکام نے فوراً مسترد کر دی تھی۔

دوسری جانب ہفتے کے روز محسن نقوی نے تصدیق کی ہے کہ ایشیا کپ 2025 کا انعقاد 9 سے 28 ستمبر کے درمیان ہو گا۔

اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں محسن نقوی نے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ کا تفصیلی شیڈول جلد جاری کر دیا جائے گا۔