مہنگائی بڑھنے کی شرح میں 4.07 فیصد اضافہ، دودھ ، چاول کی قیمتیں بڑھ گئیں
ملک بھر میں ہفتہ وار مہنگائی بڑھنے کی شرح میں 4.07 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق 24 جولائی 2025 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران مہنگائی بڑھنے کی شرح میں 4.07 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو پچھلے ہفتے کے 0.38 فیصد اضافے کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مختلف اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ سب سے زیادہ اضافہ گیس چارجز (پہلی سہ ماہی) میں 29.85 فیصد، ٹماٹر 22.93 فیصد، بجلی چارجز (پہلی سہ ماہی) میں 21.46 فیصد، انڈے 3.96 فیصد، لہسن 1.39 فیصد، سگریٹ 0.51 فیصد، بیف 0.46 فیصد، ٹوٹا باسمتی چاول 0.45 فیصد، خشک دودھ 0.29 فیصد، انرجی سیور 0.23 فیصد اور تازہ دودھ کی قیمت میں 0.16 فیصد اضافہ ہوا۔
دوسری جانب درج ذیل اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی: چکن 7.95 فیصد، چینی 4.25 فیصد، پیاز 3.05 فیصد، کیلے 2.81 فیصد، ایل پی جی 2.09 فیصد، آلو 1.82 فیصد، آٹا 1.19 فیصد، مونگ کی دال 0.43 فیصد اور چنے کی دال 0.32 فیصد سستی ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس ہفتے 51 میں سے 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 12 اشیاء کی قیمتیں کم ہوئیں جبکہ 25 اشیاء کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
نمایاں اضافہ جن اشیاء کی قیمتوں میں دیکھا گیا ان میں خواتین کی سینڈل 55.62 فیصد، گیس چارجز 29.85 فیصد، چینی 21.89 فیصد، مونگ کی دال 16.42 فیصد، گائے کا گوشت 14.08 فیصد، ویجیٹیبل گھی 2.5 کلو 12.46 فیصد، ویجیٹیبل گھی 1 کلو 12.17 فیصد، گُڑ 11.30 فیصد، انڈے 10.70 فیصد، جلانے کی لکڑی 10.52 فیصد، پکی ہوئی دال 9.47 فیصد، اور پرنٹڈ لان 7.32 فیصد شامل ہیں۔
نمایاں کمی جن اشیاء کی قیمتوں میں دیکھی گئی ان میں پیاز 49.13 فیصد، ٹماٹر 30.2 فیصد، بجلی چارجز 24.23 فیصد، لہسن 23.64 فیصد، آٹا 23.21 فیصد، ماش کی دال 20.76 فیصد، لپٹن چائے 17.93 فیصد، آلو 15.11 فیصد، مسور کی دال 8.86 فیصد اور پیٹرول 1.24 فیصد شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 17,732 روپے ماہانہ کمانے والے کے لئے مہنگائی بڑھنے کی شرح میں 3.98 فیصد اضافہ ہوا جو 317.34 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ اسی طرح 17,732 سے 22,888 روپے کے درمیان کمانے والوں کے لئے مہنگائی بڑھنے کی شرح میں 5.26 فیصد اضافہ ہوا جو پچھلے ہفتے کے 301.55 پوائنٹس کے مقابلے میں 317.42 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا۔ 22,889 سے 29,517 روپے آمدنی والے گروپ کے لیے ایس پی آءی میں 4.44 فیصد اضافہ ہوا جو 340.39 پوائنٹس رہا جبکہ گزشتہ ہفتے یہ 325.92 پوائنٹس تھا۔ 29,518 سے 44,175 روپے آمدن والوں کے لئے مہنگائی بڑھنے کی شرح میں 1.02 فیصد اضافہ ہوا جو 328.38 پوائنٹس تک پہنچا جب کہ گزشتہ ہفتے 319.26 پوائنٹس تھا جب کہ 44,175 روپے سے زائد ماہانہ کمانے والوں کے لئے مہنگائی بڑھنے کی شرح میں 3.03 فیصد اضافہ ہوا جو 328.92 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گزشتہ ہفتے یہ 319.26 پوائنٹس تھا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025