پاکستان اور چین کا ہائبرڈ و سرحد پار خطرات کے خلاف تعاون بڑھانے کا عزم
- چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی چین کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں
پاکستان اور چین کی عسکری قیادت نے ہائبرڈ اور سرحد پار خطرات سے نمٹنے کے لیے تزویراتی ہم آہنگی اور عملی اشتراک کو مزید فروغ دینے پر زور دیا ہے۔
یہ عزم چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے سرکاری دور چین کے دوران ہونے والی اعلیٰ سطح ملاقاتوں میں کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، آرمی چیف نے بیجنگ میں چینی سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان اور چین کے درمیان آہنی تزویراتی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کے نائب صدر ہان ژینگ اور وزیر خارجہ وانگ یی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان ملاقاتوں میں چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت روابط کو فروغ دینے، عالمی و علاقائی سیاسی منظرنامے کی بدلتی صورتحال اور مشترکہ جغرافیائی سیاسی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمتِ عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کی گہرائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خودمختاری، مساوات، کثیرالجہتی تعاون اور خطے میں پائیدار استحکام کے لیے اپنے عزم کو دہرایا۔ چینی قیادت نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے پاک فوج کے کلیدی کردار کو سراہا۔
عسکری سطح پر فیلڈ مارشل منیر نے سنٹرل ملٹری کمیشن کے نائب چیئرمین جنرل ژانگ یو شیا، پیپلز لبریشن آرمی کے سیاسی کمشنر جنرل چن ہوئی، اور پی ایل اے آرمی کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل کائی زہائی جن سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔
پی ایل اے آرمی ہیڈکوارٹر آمد پر آرمی چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جو دونوں افواج کے درمیان دیرینہ اعتماد اور مستحکم عسکری تعلقات کی علامت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان ملاقاتوں میں دفاعی و سلامتی تعاون پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں انسدادِ دہشت گردی، مشترکہ تربیتی مشقیں، دفاعی جدید کاری، اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ جیسے اہم پہلو شامل تھے۔ دونوں افواج کے درمیان آپریشنل انٹرآپریبلٹی اور تزویراتی ربط کو مزید مضبوط بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔
چینی عسکری قیادت نے دوطرفہ دفاعی شراکت داری پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے مؤثر کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان دفاعی شعبے میں ہر سطح پر تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے سیاسی و عسکری تعلقات کا مظہر ہے اور یہ اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ دونوں ممالک خطے میں پائیدار سلامتی کے قیام کے لیے اعلیٰ سطح روابط اور مسلسل مشاورت کو کلیدی اہمیت دیتے ہیں۔