کاروبار اور معیشت

پاکستان نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کی خریداری کیلئے بین الاقوامی ٹینڈر جاری کردیا

یورپی تاجروں کے مطابق پاکستان کی سرکاری تجارتی ایجنسی ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) نے ایک لاکھ میٹرک ٹن...
شائع July 25, 2025 اپ ڈیٹ July 25, 2025 02:11pm

یورپی تاجروں کے مطابق پاکستان کی سرکاری تجارتی ایجنسی ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) نے ایک لاکھ میٹرک ٹن سفید ریفائنڈ چینی خریدنے کے لیے بین الاقوامی ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔

قیمتوں کی پیشکشیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 جولائی مقرر کی گئی ہے۔

پاکستانی حکومت نے 8 جولائی کو قیمتوں کے استحکام میں مدد کے لیے پانچ لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کے منصوبے کی منظوری دی تھی۔

مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملک میں خوردہ چینی کی قیمتیں جنوری سے تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق پاکستان کو 22 جولائی کو 50 ہزار ٹن چینی کی خریداری کے لیے پچھلے ٹینڈر میں کوئی پیشکش موصول نہیں ہوئی، تاجروں کا کہنا ہے کہ 1 سے 15 اگست کے درمیان شپمنٹ لوڈ کرنے کی شرط حقیقت پسندانہ پیشکشوں کے لیے بہت کم نوٹس تھی۔

نئے ٹینڈر میں 50 ہزار ٹن چینی کی بریک بلک سپلائی کی ترسیل 21 اگست سے 5 ستمبر کے درمیان یا دوسری 50 ہزار ٹن کی ترسیل 1 سے 15 ستمبر کے درمیان طلب کی گئی ہے۔ 50 ہزار ٹن چینی کے لیے جو سمندری شپنگ کنٹینرز میں منتقل کی جائے گی، ترسیل 21 اگست سے 10 ستمبر کے درمیان بھی کی جا سکتی ہے۔

شپمنٹس اس طرح منظم کی جانی چاہئیں کہ تمام چینی 30 ستمبر تک پاکستان پہنچ جائے، کنٹینرائزڈ شپمنٹس کو زیادہ سے زیادہ پانچ دن کی اضافی مہلت ہوگی۔

چینی اکسی بھی ذرائع سے حاصل کی جا سکتی ہے، تاہم اس میں بھارت اور اسرائیل شامل نہیں ہیں۔