2025 میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ٹاپ 10 فارما کمپنیاں
- پاکستان کا دواسازی شعبہ ملک کی معیشت میں مستحکم ترقی کرنے والی صنعتوں میں سے ایک ہے
پاکستان کا دواسازی شعبہ ملک کی معیشت میں مستحکم ترقی کرنے والی صنعتوں میں سے ایک ہے۔ صحت کی خدمات کی بڑھتی ہوئی طلب، بڑھتی ہوئی آبادی، اور ادویات کی مقامی پیداوار پر زیادہ توجہ کے ساتھ، یہ صنعت مسلسل سرمایہ کاروں کی دلچسپی کو اپنی جانب راغب کر رہی ہے۔ گزشتہ دہائی کے دوران، پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں درج دواسازی کمپنیوں نے قابلِ ذکر کارکردگی دکھائی ہے، جن میں سے کئی کمپنیوں نے مقامی اور برآمدی طلب کو پورا کرنے کے لیے اپنی پیداواری صلاحیتوں میں توسیع کی ہے۔
پاکستان کی دواسازی برآمدات کی نمو مالی سال جو 30 جون، 2025 کو ختم ہوا، میں دو دہائیوں کی بلند ترین سطح 34 فیصد تک پہنچ گئی، جس سے یہ ملک کی تیز ترین بڑھتی ہوئی برآمدی کیٹیگریز میں پانچویں نمبر پر آگئی۔ مالی سال 2025 میں بیرون ملک مارکیٹوں میں مقامی طور پر تیار کی جانے والی ادویات کی فروخت 457 ملین ڈالر تک بڑھ گئی۔
یہ رپورٹ اس وقت پی ایس ایکس میں درج ٹاپ 10 دواسازی کمپنیوں پر ایک گہری نظر ڈالتی ہے، جو 24 جولائی، 2025 تک مارکیٹ کیپٹلائزیشن کی بنیاد پر رینک کی گئی ہیں۔
- گلیکسو اسمتھ کلائن پاکستان لمیٹڈ (گلیکسو) (438 ملین ڈالر)
گلیکسو اسمتھ کلائن (پی ایس ایکس: گلیکسو) کو ایک لمیٹڈ لائیبیلٹی کمپنی کے طور پر قائم کیا گیا۔ یہ تین کمپنیوں کے انضمام کے ذریعے قائم کی گئی تھی: اسمتھ کلائن اینڈ فرنچ آف پاکستان لمیٹڈ، بیچم پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور گلیکسو ویلکم (پاکستان) لمیٹڈ۔ اس کی دو بزنس ڈویژنز ہیں؛ ایک نسخے کی ادویات اور ویکسینز سے متعلق ہے، جبکہ کنزیومر ہیلتھ کیئر ڈویژن میں اوور دی کاؤنٹر (او ٹی سی) ادویات، اورل کیئر اور نیوٹرشنل کیئر شامل ہیں۔
31 دسمبر، 2021 تک، 82 فیصد سے زیادہ شیئرز وابستہ کمپنیوں، اداروں اور متعلقہ فریقوں کی ملکیت ہیں۔ یہ زمرہ صرف ایس. آر. ون انٹرنیشنل بی وی. پر مشتمل ہے۔
مقامی عام عوام کے پاس 6 فیصد شیئرز ہیں، اس کے بعد درج ذیل میں سے ہر ایک کے پاس 3 فیصد سے زیادہ شیئرز ہیں: بینک، ڈویلپمنٹ فنانس انسٹی ٹیوشنز ( ڈی ایف آئیز)، نان بینکنگ فنانشل انسٹی ٹیوشنز (این بی ایف آئیز)، اور انشورنس کمپنیاں۔ ڈائریکٹرز، سی ای او، ان کے شریک حیات اور نابالغ بچوں کے پاس معمولی شیئرز ہیں جبکہ باقی تقریباً 5 فیصد شیئرز دیگر شیئر ہولڈر کیٹیگریز کے پاس ہیں۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گلیکسو کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 438 ملین ڈالر پر قائم ہے۔
- ایبٹ لیبارٹریز (پاکستان) لمیٹڈ (ایبٹ) (371 ملین ڈالر)
ایبٹ لیبارٹریز پاکستان لمیٹڈ (پی ایس ایکس: ایبٹ) ایک کثیر القومی ہیلتھ کیئر کمپنی ہے جو دنیا بھر میں مؤثر اور زندگی بدل دینے والی طبی ٹیکنالوجیز اور خدمات فراہم کرنے میں مصروف ہے۔ ایبٹ کو 1948 میں پاکستان میں ایک پبلک لسٹڈ کمپنی کے طور پر قائم کیا گیا تھا۔ کمپنی دواسازی، تشخیصی، غذائی، ذیابیطس کی دیکھ بھال، اسپتال اور کنزیومر مصنوعات تیار، درآمد اور مارکیٹ کرتی ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایبٹ کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 371 ملین ڈالر ہے۔
- ہیلیون پاکستان لمیٹڈ (ہیلیون) (330 ملین ڈالر)
ہیلیون پاکستان لمیٹڈ کو 2015 میں پاکستان میں ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر شامل کیا گیا۔ کمپنی کی بنیادی سرگرمی کنزیومر ہیلتھ کیئر اور اوور دی کاؤنٹر ہیلتھ مصنوعات کی تیاری، مارکیٹنگ اور فروخت ہے۔ کمپنی ”ہیلیون نیٹرلینڈز بی وی“ کی ذیلی کمپنی ہے جبکہ ہیلیون پی ایل سی اس کی حتمی پیرنٹ کمپنی ہے۔
ہیلیون نے حال ہی میں پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے کا منصوبہ ظاہر کیا ہے، جس کے لیے ابتدائی طور پر12 ملین ڈالر مختص کیے گئے ہیں، تاکہ اپنی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کر سکے۔ کمپنی نے کہا کہ وہ ملک میں بڑھتی ہوئی طلب کو مزید مؤثر طریقے سے پورا کرنے اور اس اہم دوا کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پیناڈول کی تیاری کو بڑھائے گی۔
اس سال کے شروع میں، ہیلیون نے قوی نصیر کو کمپنی کا اگلا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) نامزد کیا، اس کے بعد اعلان کیا گیا کہ پچھلے سی ای او اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر آف دی بورڈ، فرحان محمد ہارون کو ہیلیون ساؤتھ افریقہ میں جنرل مینیجر کے طور پر تبادلہ کیا جا رہا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہیلیون کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 330 ملین ڈالر ہے۔
- ہائی نون لیبارٹریز لمیٹڈ (پی ایس ایکس: ہائی نون) 202 ملین ڈالر)
ہائی نون لیبارٹریز لمیٹڈ (پی ایس ایکس:ہائی نون) کو 1984 میں پاکستان میں ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طور پر شامل کیا گیا اور 1995 میں اسے پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کر دیا گیا۔ کمپنی کی بنیادی سرگرمی دواسازی اور متعلقہ کنزیومر مصنوعات کی تیاری، درآمد، فروخت اور مارکیٹنگ ہے۔
اس ماہ کے شروع میں، ہائی نون نے طارق واجد (آزاد ڈائریکٹر) کو کمپنی کا نیا چیئرمین مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ طارق واجد نے یکم جولائی 2025 سے عہدہ سنبھال لیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہائی نون کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 202 ملین ڈالر ہے۔
- اے جی پی لمیٹڈ (پی ایس ایکس: اے جی پی) (189 ملین ڈالر)
اے جی پی لمیٹڈ (پی ایس ایکس: اے جی پی) کو 2014 میں پاکستان میں ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر شامل کیا گیا۔ کمپنی دواسازی کی وسیع رینج کی مصنوعات کی درآمد، برآمد، مارکیٹنگ، تقسیم، ڈیلرشپ اور تیاری میں مصروف ہے۔ اے جی پی کی حتمی پیرنٹ کمپنی ایٹکن سٹوورٹ پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اے جی پی کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 189 ملین ڈالر ہے۔
- دی سیریل کمپنی لمیٹڈ (پی ایس ایکس:سیریل) (167 ملین ڈالر)
دی سیریل کمپنی لمیٹڈ (پی ایس ایکس: سیریل) کو 1965 میں پاکستان میں ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طور پر شامل کیا گیا اور بعد میں اسے پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کر دیا گیا۔ کمپنی کی بنیادی سرگرمی دواسازی، کنزیومر ہیلتھ اور غذائی مصنوعات کی تیاری اور فروخت ہے۔ سیریل، انٹرنیشنل برانڈز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی سبسڈری ہے۔
انٹرنیشنل برانڈز (پرائیویٹ) لمیٹڈ سیریل کی پیرنٹ کمپنی ہے اور اس کے 50.25 فیصد جاری کردہ حصص کی مالک ہے۔
اس ماہ کے شروع میں، سیریل نے طاہر احمد کو چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کرنے کا اعلان کیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سیریل کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 167 ڈالر ملین ہے۔
- ہوئسٹ پاکستان لمیٹڈ (پی ایس ایکس: ایچ پی ایل) (105 ملین ڈالر)
ہوئسٹ پاکستان لمیٹڈ (پی ایس ایکس:ایچ پی ایل) کو 1977 میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹ کیا گیا۔ کمپنی نے برسوں میں کئی انضمام، حصول اور ڈائیویسٹمنٹس کا سامنا کیا، جس کے نتیجے میں کمپنی کا نام بدل کر سانوٴفی ایونٹس پاکستان لمیٹڈ رکھا گیا۔
2023 کے دوران، ایک کنسورشیم جس کی قیادت پیکجز لمیٹڈ نے کی، جس میں آئی جی آئی انویسٹمنٹس (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور ارشد علی گوہر گروپ سے منسلک کمپنیاں شامل تھیں، نے سانوفی فارن پارٹیسپیشنز بی وی سے 52.87 فیصد حصص خریدے اور کمپنی کا نام سانوٴفی ایونٹس پاکستان لمیٹڈ سے ہوئسٹ پاکستان لمیٹڈ میں 27 ستمبر 2023 سے تبدیل کر دیا۔
گزشتہ سال، ہوئسٹ نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے کاروبار دوست ماحول سے فائدہ اٹھانے کے لیے خلیجی ریاست میں ایک سبسڈری قائم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایچ پی ایل کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 105 ملین ڈالر ہے۔
- سٹی فارما لمیٹڈ (پی ایس ایکس: سی پی ایچ ایل) (66 ملین ڈالر)
سٹی فارما لمیٹڈ (پی ایس ایکس: سی پی ایچ ایل) کو 2012 میں پاکستان میں ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طور پر شامل کیا گیا اور 2020 میں اسے پبلک اَن لسٹڈ کمپنی میں تبدیل کر دیا گیا۔ سی پی ایچ ایل کو 2021 میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹ کیا گیا۔ کمپنی دواسازی، طبی کیمیکلز، اور بوٹینیکل مصنوعات کی تیاری اور فروخت میں مصروف ہے۔
گزشتہ سال، کمپنی نے مرسی فارما، جو کہ ایک انڈونیشین دواساز ادارہ ہے، کے ساتھ ایک اسٹریٹیجک شراکت داری کی تاکہ ایکٹو فارماسیوٹیکل انگریڈیئنٹس (اے پی آئی) مینوفیکچرنگ سہولیات قائم کی جائیں اور انڈونیشیا میں اپنے نیوٹراسیوٹیکل مارکیٹ کو وسعت دی جا سکے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سی پی ایچ ایل کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 66 ملین ڈالر ہے۔
- میکٹر انٹرنیشنل لمیٹڈ (پی ایس ایکس:میکٹر) (62 ملین ڈالر)
میکٹر انٹرنیشنل لمیٹڈ (پی ایس ایکس: میکٹر) کو 1992 میں پاکستان میں ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طور پر شامل کیا گیا اور 2011 میں اسے پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کر دیا گیا۔ کمپنی دواسازی مصنوعات کی تیاری اور مارکیٹنگ میں مصروف ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں میکٹر کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 62 ملین ڈالر ہے۔
- فیروزسنز لیبارٹریز لمیٹڈ (پی ایس ایکس: فیروز) (60 ملین ڈالر)
فیروزسنز لیبارٹریز لمیٹڈ کو 1954 میں پاکستان میں ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر شامل کیا گیا۔ اسے 1960 میں پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کیا گیا۔ کمپنی کی بنیادی سرگرمی دواسازی مصنوعات اور طبی آلات کی تیاری، درآمد اور فروخت ہے۔
اس سال کے شروع میں، فیروزسنز نے اعلان کیا کہ وہ ایک کنسورشیم کے ساتھ مل کر بیریٹ ہاجسن پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ کے ممکنہ حصول کی کوشش کر رہی ہے، جو پاکستان کے معروف کاروباری گروپس پر مشتمل ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں فیروز کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 60 ملین ڈالر ہے۔
ہر کمپنی کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن کا حساب جمعرات، 24 جولائی 2025 کو لگایا گیا۔
اس حساب کے لیے، روپے کی شرح تبادلہ ایک امریکی ڈالر کے لیے 284 روپے استعمال کی گئی۔