کاروبار اور معیشت
اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 6.9 کروڑ ڈالر کی کمی، مجموعی حجم 14.46 ارب ڈالر رہ گیا
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے جمعرات کو جاری کردہ بیان میں بتایا ہے کہ 18 جولائی 2025 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 6 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی کمی واقع ہوئی۔ یہ کمی بیرونی قرضوں کی شیڈول ادائیگیوں کے باعث ہوئی ہے۔
مرکزی بینک کے مطابق اسٹیٹ بینک کے ذخائر ایک ہفتہ قبل 14.53 ارب ڈالر تھے، جو کم ہو کر اب 14.46 ارب ڈالر رہ گئے ہیں۔
دوسری جانب کمرشل بینکوں کے پاس موجود خالص زرمبادلہ کے ذخائر 5.46 ارب ڈالر ریکارڈ کیے گئے، جس کے بعد ملک کے کل زرمبادلہ کے ذخائر 19.92 ارب ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
یہ کمی ایک ایسے وقت میں آئی ہے جب پچھلے ہفتے اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 23 ملین ڈالر کا معمولی اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد 11 جولائی تک ذخائر 14.53 ارب ڈالر تک پہنچ گئے تھے۔