سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی ) نے الف فنانس (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو انويسٹمنٹ فنانس سروسز کا لائسنس جاری کردیا جس کے تحت یہ کمپنی اطلاقی ضابطہ جاتی فریم ورک کے تحت نان بینکنگ فنانس کمپنی (این بی ایف سی) کے طور پر اپنے آپریشنز کرسکتی ہے، لائسنس کا جلد اور بروقت اجرا ایس سی ای پی کی ضابطہ جاتی کارکردگی، تیزی سے ردعمل دینے اور قابل اعتبار مارکیٹ میں نئے داخل ہونے والوں کی حوصلہ افزائی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

الف فنانس (پرائیویٹ) لمیٹڈ، الف کیپیٹل ہولڈنگز کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی ہے جو ایک علاقائی مالیاتی گروپ ہے اور تاجکستان اور ازبکستان میں الف بینک اور الف ٹیک کے ذریعے اپنے آپریشنز پہلے سے جاری رکھے ہوئے ہے۔

یہ کمپنی پاکستان میں ایک ایسا کاروباری ماڈل متعارف کرارہی ہے جو شریعت کے مطابق ڈیجیٹل اور روایتی قرضوں کی فراہمی پر مرکوز ہے، خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی مالی معاونت اور اب خریدیں، بعد میں ادائیگی کریں جیسی سہولتوں کے ساتھ۔ اس کا آغاز پاکستان کے باقاعدہ مالیاتی شعبے میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی اور مثبت رجحان کا مظہر ہے۔

الف فنانس کی منظوری ایس ای سی پی کے اس وسیع تر ایجنڈے کا حصہ ہے جس کا مقصد پاکستان میں معتبر غیر ملکی اداروں کی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور غیر بینکی مالیاتی کمپنیوں (این بی ایف سیز) کے شعبے کو مضبوط و متنوع بنانا ہے تاکہ باقاعدہ ساخت اور جدت پر مبنی کمپنیوں کو اس شعبے میں داخل کیا جا سکے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025