پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے جمعہ کو بتایا ہے کہ مون سون ہوائیں اس وقت سندھ اور ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جس کے باعث کراچی میں آج رات سے اتوار تک گرج چمک اور آسمانی بجلی کے ساتھ طوفانی بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران کراچی میں درجہ حرارت 28 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں رواں سال کی پہلی مون سون بارش 26 جون کو ہوئی تھی، جب شہر کے مختلف علاقوں میں درمیانے سے لے کر شدید درجے کی بارش ہوئی۔ جن علاقوں میں شدید بارش ہوئی اُن میں کٹھور، گڈاپ، گلشنِ حدید، ملیر، سفورا، سعدی ٹاؤن، ماڈل کالونی، آئی آئی چندریگر روڈ، طارق روڈ، ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے)، اسکیم 33، نارتھ ناظم آباد اور دیگر شامل ہیں۔
مزید برآں محکمہ موسمیات نے آج اپنی پیش گوئی میں کہا ہے کہ آئندہ دنوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں 20 جولائی سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مزید شدت اختیار کریں گی۔
اس کے علاوہ 21 جولائی کو مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے۔
سندھ میں 18 جولائی کی رات سے 20 جولائی تک کراچی، حیدرآباد، تھرپارکر، عمرکوٹ، ٹھٹھہ، بدین، میرپورخاص، ٹنڈو الہٰیار، ٹنڈو محمد خان، شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ، دادو، سکھر، گھوٹکی، خیرپور، جیکب آباد، سانگھڑ اور کشمور میں بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں درمیانی سے شدید بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا میں 21 جولائی سے 25 جولائی کے دوران چترال، دیر، سوات، کوہستان، ملاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، مانسہرہ، پشاور، مردان، نوشہرہ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، کوہاٹ اور قبائلی اضلاع بشمول وزیرستان، اورکزئی، باجوڑ، خیبر، مہمند اور کرم میں کہیں کہیں شدید سے نہایت شدید بارش، آندھی اور گرج چمک کا امکان ہے۔
آزاد جموں و کشمیر کے علاقوں بشمول نیلم ویلی، مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ، کوٹلی، بھمبر، میرپور اور ملحقہ علاقوں میں 20 جولائی سے 25 جولائی تک بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں شدید بارش کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان میں 21 جولائی سے 26 جولائی تک دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں اسی طرح کے موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پنجاب بشمول راولپندی، اسلام آباد ، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، سرگودھا اور ملحقہ اضلاع میں 20 جولائی کی شام اوررات سے 25 جولائی تک بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں شدید سے نہایت شدید بارش متوقع ہے۔
جنوبی پنجاب کے علاقوں ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ، راجن پور، رحیم یار خان اور لیہ میں 18 اور 19 جولائی کو بارش کا امکان ہے، جب کہ 21 سے 23 جولائی کے دوران دوبارہ بارش متوقع ہے۔
بلوچستان کے شمال مشرقی اور جنوبی اضلاع، جن میں کوئٹہ، ژوب، خضدار، لسبیلہ، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، قلات، بارکھان، شیرانی، زیارت، آواران، موسیٰ خیل اور لورالائی شامل ہیں، میں 18 اور 19 جولائی کی رات کے دوران اور پھر 22 سے 25 جولائی تک آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 21 سے 25 جولائی کے دوران خیبر پختونخوا، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی (فلیش فلڈنگ) کا خدشہ ہے۔
اسی عرصے میں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، اوکاڑہ، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقوں میں شدید بارش کے باعث شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کا خطرہ ہے۔ خیبر پختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کا بھی اندیشہ ہے۔
تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور موسلا دھار بارشیں کمزور ڈھانچوں جیسے کچے گھروں، بل بورڈز، بجلی کے کھمبوں، گاڑیوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
عوام، خاص طور پر سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں۔
متعلقہ اداروں اور محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی احتیاطی اقدامات کریں۔