سندھ حکومت نے اجرک تھیم والی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کے لیے آخری تاریخ 14 اگست تک بڑھا دی ہے جب کہ پولیس کو اس دوران ایسی نمبر پلیٹس پر چالان نہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

یہ اعلان صوبائی وزیر برائے ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول مکیش کمار چاؤلہ نے پیر کے روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اجرک سندھ کی ثقافتی پہچان ہے اور یہ نمبر پلیٹس پر موجود رہے گی۔

یہ فیصلہ شہریوں کی بڑی تعداد کی جانب سے اجرک ڈیزائن والی پلیٹس کے حق میں ردعمل کے بعد کیا گیا ہے۔

مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ کچھ لوگوں نے اجرک سے غیر ضروری خوف پیدا کر لیا ہے لیکن یہ ہمارے ثقافتی ورثے کا حصہ ہے اور نئی نمبر پلیٹس میں یہ ایک حفاظتی خصوصیت کے طور پر بھی کام کرتا ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ اجرک نمبر پلیٹس پر نئی مہلت تک کوئی ٹریفک چالان جاری نہیں کیے جائیں گے تاہم ہیلمٹ نہ پہننے یا گاڑی کے کاغذات نہ ہونے جیسے دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر معمول کے مطابق جرمانے عائد کیے جاتے رہیں گے۔

انہوں نے یہ بھی دہرایا کہ سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت جدید نمبر پلیٹس تمام گاڑیوں کے لیے لازمی ہیں۔

قبل ازیں صوبے کے ثقافتی تشخص کے حصے کے طور پر متعارف کرائی گئی اجرک تھیم والی نمبر پلیٹس کے ڈیزائن اور قانونی حیثیت کے حوالے سے خدشات ظاہر کیے گئے تھے۔

حکومت نے اس اقدام کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف ثقافتی اہمیت رکھتی ہیں بلکہ ڈیزائن میں سیکورٹی خصوصیات کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔