** پنجاب کے علاقے حاصل پور کے قریب چشتیاں روڈ پر اڈا محمد پناہ موڑ کے نزدیک کار اور مسافر بس میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے کم از کم 5 افراد جاں بحق اور 3 شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام نے اتوار کے روز اس افسوسناک واقعے کی تصدیق کی۔**
حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار کار مخالف سمت سے آتی ہوئی مسافر بس سے ٹکرا گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق، تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ دو دیگر زخمیوں نے اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان دے دی۔ تمام جاں بحق افراد کا تعلق چشتیاں کے نواحی گاؤں بخش خان سے تھا اور وہ ایک ہی خاندان کے افراد تھے۔
جاں بحق افراد کی شناخت درج ذیل کے طور پر ہوئی ہے:سردار محمد، ان کی اہلیہ عقیلہ بی بی،بیٹی ماہنور،بھائی آصف نوید،بیٹا باسط نوید
زخمیوں میں شامل افرادشمیم بی بی،واصف،آصف کو تشویشناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے مسافر بس کو تحویل میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ تیز رفتاری کو قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب علاقے میں سڑکوں کی خستہ حالی اور لاپروائی سے ڈرائیونگ پر عوامی تشویش میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔