پاکستان اور بحرین نے اپنی سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اس سلسلے میں اتفاق رائے بحرین کے دارالحکومت منامہ میں پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی اور بحرین کے جنرل شیخ راشد بن عبداللہ آل خلیفہ کے درمیان ایک ملاقات کے دوران ہوا۔

دونوں فریقین نے انسداد دہشت گردی، انسانی اسمگلنگ کے خلاف اقدامات اور انسداد منشیات کی کوششوں میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر انہوں نے پاک-بحرین مشترکہ سیکیورٹی کمیٹی کو مزید مؤثر بنانے پر بھی گفتگو کی۔

بحرین کے وزیر داخلہ نے سیکیورٹی اور دیگر شعبوں میں تعاون اور رابطہ کاری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ منشیات کے خلاف اور انسانی اسمگلنگ کے تدارک کے لیے تعاون بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ 13 مارچ کو چیف آف دی ایئر اسٹاف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بحرین کے ساتھ موجودہ دو طرفہ تعلقات کو عسکری تعاون اور تربیت کے شعبے میں مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔

یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں اُن سے ملاقات کرنے والے کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی تھی۔

ایئر چیف نےکہا تھا کہ دونوں ممالک دیرینہ مذہبی اور تاریخی تعلقات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں جو غیر معمولی برادرانہ روابط کی صورت میں نمایاں ہیں۔