** انٹربینک مارکیٹ میں بدھ کو کاروبار کے آغاز پر پاکستانی روپے کی قدر امریکی ڈالر کے مقابلے میں 0.03 فیصد کی معمولی بہتری دیکھی گئی۔**
صبح 10 بج کر 20 منٹ پر روپیہ 284.28 پر ٹریڈ کر رہا تھا، جو کہ 0.08 روپے کی بہتری ظاہر کرتا ہے۔
منگل کو انٹربینک میں روپیہ 284.36 پر بند ہوا تھا۔
بین الاقوامی سطح پر، بدھ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جاپان اور دیگر تجارتی شراکت داروں پر 25 فیصد ٹیرف کے اعلان کے بعد، امریکی ڈالر نے تیسری دن بھی جاپانی ین کے مقابلے میں اضافہ دکھایا۔
منگل کے روز ڈالر نے اپنے اہم حریفوں کے مقابلے میں تقویت حاصل کی، جب ٹرمپ نے تجارتی شراکت داروں کو آگاہ کیا کہ یکم اگست سے امریکی ٹیرف میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ تاہم بعد ازاں انہوں نے کہا کہ اگر ممالک تجاویز پیش کریں تو توسیع پر غور کیا جا سکتا ہے۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر کہا کہ بدھ کے روز کم از کم 7 ممالک سے متعلق تجارتی اعلانات ہوں گے، تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ وہ نئے معاہدوں کا اعلان کریں گے یا ٹیرف نوٹسز جاری کریں گے۔
امریکہ اور جاپان کے درمیان متعدد مذاکراتی دور تاحال کسی بریک تھرو کے بغیر ختم ہو چکے ہیں، جبکہ جاپانی پالیسی ساز اب رواں ماہ کے اہم ایوانِ بالا کے انتخابات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔
ڈالر نے جاپانی ین کے مقابلے میں 0.2 فیصد اضافے کے ساتھ 146.85 ین کی سطح حاصل کی، جو گزشتہ روز دو ہفتے سے زائد کی بلند ترین سطح پر پہنچا تھا۔ یورو معمولی تبدیلی کے ساتھ 1.1720 ڈالر پر ٹریڈ کر رہا تھا۔
امریکی ڈالر انڈیکس، جو کہ چھ بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر کی قدر کو ماپتا ہے، دو روزہ اضافے کے بعد 97.582 پر مستحکم رہا۔ برطانوی پاؤنڈ 0.1 فیصد کمی کے ساتھ 1.35795 ڈالر پر ٹریڈ کر رہا تھا۔
تیل کی قیمتیں، جو کرنسی کی قدر کے لیے ایک اہم اشاریہ سمجھی جاتی ہیں، جس میں بدھ کو معمولی کمی کا شکار ہوئیں۔ اس سے قبل منگل کو قیمتیں دو ہفتے کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی تھیں۔ سرمایہ کار امریکی ٹیرف کے نئے اقدامات کا مشاہدہ کر رہے تھے اور ان کے ممکنہ اثرات کا اندازہ لگا رہے تھے۔
برینٹ کروڈ فیوچرز 20 سینٹ یا 0.3 فیصد کی کمی کے ساتھ 69.95 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ 21 سینٹ یا 0.4 فیصد کمی کے ساتھ 68.12 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔
یہ ایک انٹرا ڈے اپ ڈیٹ ہے۔