کراچی کے مختلف علاقوں میں بادلوں کا راج، ہفتے کو ہلکی و تیز بارش کا سلسلہ پھر شروع ہوگیا، شہر میں مون سون کا پہلا سلسلہ اتوار تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ہفتے کی صبح کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، جن علاقوں میں تیز بارش ہوئی اُن میں کے ڈی اے، لیاقت آباد، گلشنِ حدید، ملیر، صفورا، سعدی ٹاؤن، ماڈل کالونی، آئی آئی چندریگر روڈ، طارق روڈ، ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے)، اسکیم 33، نارتھ ناظم آباد اور دیگر علاقے شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) کے مطابق شہر میں مزید تیز بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
شہر میں موسلادھار بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواﺅں کا ایک سسٹم ملک کے مغربی علاقوں پر موجود ہے جس کے تحت سندھ کے بیشتر حصوں میں 29 جون تک بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت کراچی کا درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ہے جب کہ شمال مشرقی سمت سے 9 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
آج درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔