ڈیٹا والٹ پاکستان نے پاکستان کا پہلا اے آئی ڈیٹا سینٹر کراچی میں لانچ کردیا ہے جو پاکستان میں مصنوعی ذہانت کی ترقی، نفاذ اور وسعت کے طریقہ کار کو یکسر تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان قومی سطح پر اپنی اے آئی حکمتِ عملی کو تیز کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

ڈیٹا والٹ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ جدید سہولت اسٹارٹ اپس، محققین، کاروباری اداروں اور سرکاری اداروں کو جدید انفرااسٹرکچر فراہم کرے گی تاکہ پاکستان کا اے آئی نظام پروان چڑھ سکے۔

یہ ڈیٹا سینٹر اعلیٰ کارکردگی والے گرافکس پروسیسنگ یونٹ (جی پی یو) کمپیوٹنگ، سیکیورڈ کلاؤڈ انوائرمنٹس اور کلین انرجی سے چلنے والے نظام پر مبنی ہے اور مکمل طور پر ملکی خودمختار انفرااسٹرکچر کے تحت کام کرتا ہے۔

ڈیٹا والٹ پاکستان کی بانی اور سی ای او مہوش سلمان علی نے کہا کہ ہم نے صرف ایک ڈیٹا سینٹر نہیں بنایا بلکہ پاکستان کے اے آئی مستقبل کے لیے ایک لانچ پیڈ تعمیر کیا ہے، ہمارا مقصد مقامی تخلیق کاروں کو وہ ٹولز اور اعتماد فراہم کرنا ہے جس سے وہ کسی غیر ملکی پلیٹ فارم پر انحصار کے بغیر عالمی معیار کی مصنوعات تخلیق کر سکیں، یہ خود انحصاری، بااختیاری، اور پاکستان کی حقیقی ڈیجیٹل صلاحیت کو اجاگر کرنے کا سفر ہے۔

ڈیٹا والٹ کی مدد سے پاکستان میں اے اسٹارٹ اپس اب اعلیٰ معیار کی جی پی یو سروس حاصل کر کے اپنے ماڈلز کو جلد اور کم خرچ میں تیار اور چلوا سکتے ہیں۔

اس کا مطلب ہے کہ مصنوعات کو مارکیٹ میں لانے کا وقت کم ہوگا، کمپیوٹ پاور کی کم پابندیاں ہوں گی، اور مقامی بانیوں کے لیے زیادہ خودمختاری حاصل ہوگی۔

پریس ریلیز کے مطابق، یونیورسٹیاں اور تحقیقی ادارے بھی اس سہولت کے ساتھ شراکت کر کے بڑے پیمانے پر کام کرنے والے نظام سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جو ڈیپ لرننگ، علمی تحقیق، اور اپلائیڈ اے آئی کو سپورٹ کرتا ہے۔

کاروباری اور حکومتی سطح پر ادارے حساس امور کو ایک مکمل طور پر قوانین کے مطابق اور اعلیٰ سیکورٹی والے ماحول میں رکھ سکتے ہیں، جو یقینی بناتا ہے کہ ڈیٹا ملک کے اندر رہے اور پرائیویسی اور تحفظ کے عالمی معیارات پر پورا اُترے۔

ڈیٹا والٹ کا دعویٰ ہے کہ اس کا نظام مکمل طور پر سولر انرجی پر چلتا ہے جو اسے پاکستان کا پہلا ”گرین“ ڈیٹا سینٹر بناتا ہے جو خاص طور پر اے آئی کے لیے بنایا گیا ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق، یہ جدید انکرپشن اور زیرو ٹرسٹ آرکیٹیکچر استعمال کرتا ہے تاکہ حساس کاموں اور اہم انفراسٹرکچر کی حفاظت کی جا سکے اور تمام ڈیٹا مقامی طور پر محفوظ کیا جاتا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ سستے، محفوظ، اور قابل توسیع کمپیوٹر تک رسائی فراہم کر کے ڈیٹا والٹ ہر کاروباری، انجینئر، طالب علم، اور پالیسی ساز کے لیے پاکستان کے اے آئی مستقبل کی تعمیر کے امکانات پیدا کررہا ہے۔