پاکستان

سندھ بھر میں یکم سے 10 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ

کراچی سمیت سندھ بھر میں یکم سے 10 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔ 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی عائد...
شائع June 25, 2025 اپ ڈیٹ June 25, 2025 11:52pm

کراچی سمیت سندھ بھر میں یکم سے 10 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔ 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی۔

آج نیوز کے مطابق یہ اقدام محرم الحرام کے مقدس مہینے میں امن وامان قائم رکھنے کے لئے کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق بغیر اجازت تمام عوامی اجتماعات، ریلیوں اور جلوسوں پر پابندی ہوگی۔

اس کے علاوہ عوامی مقامات پر اسلحہ لے جانے پر بھی سختی سے پابندی ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ مقررہ مدت کے دوران تمام اسلحہ لائسنس معطل رہیں گے۔

اس کے علاوہ صوبے میں ڈرون ہیلی کیم اورلاؤڈ اسپیکرز کے غیر مجاز استعمال پر پابندی عائد ہوگی۔

مزید برآں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے 9 اور 10 محرم کو سندھ بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہوگی۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مذہبی مواقع کو پُرامن طریقے سے منانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور عائد کردہ پابندیوں کی مکمل پاسداری کریں۔