یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان بین الاقوامی و علاقائی امن، سلامتی اور اسٹرٹیجک استحکام سے متعلق امور پر جمعہ کے روز جامع مذاکرات ہوئے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تخفیفِ اسلحہ اور اسلحے کے عدم پھیلاؤ سے متعلق مکالمے کا پانچواں دور 12 جون کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

پاکستانی وفد کی قیادت سفیر طاہر اندرابی** نے کی، جو ایڈیشنل سیکریٹری برائے آرمز کنٹرول، ڈس آرمامنٹ اور بین الاقوامی سلامتی ہیں، جبکہ یورپی یونین کے وفد کی قیادت سفیر اسٹیفن کلیمنٹ نے کی، جو یورپی یونین کے خصوصی ایلچی برائے اسلحے کے عدم پھیلاؤ اور تخفیفِ اسلحہ ہیں۔

بیان کے مطابق، فریقین نے تخفیفِ اسلحہ اور اسلحے کے عدم پھیلاؤ سے متعلق مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی،بالخصوص اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی فرسٹ کمیٹی، کانفرنس آن ڈس آرمامنٹ، اور مختلف بین الاقوامی تخفیفِ اسلحہ کنونشنز، جن میں بایولوجیکل ویپنز کنونشن ، کیمیکل ویپنز کنونشن شامل ہیں، کے ایجنڈے کے تناظر میں مذاکرات ہوئے۔

دفتر خارجہ نے مزید کہا کہاس کے علاوہ، مذاکرات میں برآمدات پر کنٹرول کے حالیہ رجحانات کا جائزہ لیا گیا اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے عالمی سلامتی پر ممکنہ اثرات کا تجزیہ بھی کیا گیا۔

پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اسلحے کے عدم پھیلاؤ اور تخفیفِ اسلحہ پر مکالمہ، دونوں فریقوں کے درمیان وسیع تر تعاون کا ایک اہم حصہ ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق، دونوں فریقین نے اس فورم کو سلامتی، استحکام، اسلحے کے کنٹرول، تخفیفِ اسلحہ اور اسلحے کے عدم پھیلاؤ کے شعبوں میں تعمیری مشاورت کا ایک مؤثر پلیٹ فارم تسلیم کیا۔