کھیل

ایف آئی ایچ نیشنز کپ: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جاپان کو 3-2 سے شکست دے دی

ایف آئی ایچ نیشنز کپ میں پاکستان نے اپنے دوسرے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد جاپان کو 3-2 سے شکست دے دی۔ پاکستان...
شائع اپ ڈیٹ

ایف آئی ایچ نیشنز کپ میں پاکستان نے اپنے دوسرے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد جاپان کو 3-2 سے شکست دے دی۔

پاکستان کی جانب سے رانا وحید اشرف، علی غضنفر اور سفیان خان نے گول کیے، جنہوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو برتری دلائی اور اسے برقرار رکھا۔

جاپان نے ماتسوموتو کازوماسا اور یاماساکی کوجی کے گولز کے ذریعے کھیل میں واپسی کی کوشش کی لیکن آخری کوارٹر میں بھرپور دباؤ کے باوجود وہ میچ برابر کرنے میں ناکام رہے۔

پورے میچ کے دوران دونوں ٹیموں کی جانب سے تیزی اور مہارت کا مظاہرہ جاری رہا جبکہ پاکستان کے دفاعی کھلاڑیوں نے آخری لمحات میں بھرپور مزاحمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح کو یقینی بنایا۔

اس کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان نے ٹورنامنٹ پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن بہتر بنالی اور ایف آئی ایچ نیشنز کپ میں آخر تک اپنی بھرپور موجودگی کی امید کو برقرار رکھا ہے۔

قبل ازیں اتوار کے روز پاکستان نے اپنا پہلا میچ ملائیشیا کے خلاف کھیلا تھا جو 3-3 گول سے برابر رہا۔

پاکستان نے میچ کے دوران تین گول کی برتری حاصل کی تھی لیکن آخری کوارٹر میں ملائیشیا نے شاندار انداز میں واپسی کرتے ہوئے مقابلہ 3-3 سے برابر کر دیا۔

گرین شرٹس نے میچ کا آغاز بھرپور انداز میں کیا اور پہلے ہی کوارٹر میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2-0 کی برتری حاصل کرلی جبکہ چوتھے کوارٹر میں پاکستان نے ایک اور گول کرکے اپنی برتری کو 3-0 تک پہنچا دیا۔

تاہم میزبان ٹیم نے آخری کوارٹر میں حیران کن انداز میں ردِعمل دیا اور تین تیز رفتار گول کرتے ہوئے اسکور کو برابر کر دیا، جس پر مقامی تماشائیوں نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے احمد ندیم، عبدالرّحمٰن اور رانا وحید اشرف نے ایک، ایک گول اسکور کیا تھا۔