بولان کاسٹنگز لمیٹڈ (بی سی ایل) جو ملت ٹریکٹرز لمیٹڈ کی ذیلی کمپنی ہے، نے ٹریکٹر صنعت میں مسلسل کمزور طلب کے باعث اپنی عارضی پیداواری بندش میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔

اس پیش رفت سے متعلق کمپنی نے جمعہ کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس کے ذریعے آگاہ کیا ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ٹریکٹر صنعت میں مسلسل تنزلی اور اس کے نتیجے میں آرڈرز کی کمی کے پیش نظر بولان کاسٹنگز لمیٹڈ کی پیداواری سرگرمیاں تاحکم ثانی معطل رہیں گی، اُمید ہے کہ صورتِ حال جلد بہتر ہو گی۔

گزشتہ ماہ، بولان کاسٹنگز لمیٹڈ نے عارضی طور پر پیداواری سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس وقت جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا تھا کہ یہ اطلاع دی جاتی ہے کہ وہی حالات جو اس سے قبل بندش کا باعث بنے تھے، اب بھی برقرار ہیں، کیونکہ ٹریکٹر صنعت میں مسلسل تنزلی کے باعث گاہکوں کے آرڈرز موصول نہیں ہو رہے۔

بولان کاسٹنگز لمیٹڈ کو 1982 میں پاکستان میں ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر شامل کیا گیا تھا۔ یہ کمپنی ٹریکٹرز اور دیگر آٹو پارٹس کے لیے کاسٹنگ تیار کرنے اور فروخت کرنے کے کاروبار سے وابستہ ہے۔

کمپنی کے تازہ ترین مالیاتی نتائج کے مطابق بولان کاسٹنگز لمیٹڈ نے 31 مارچ 2025 کو ختم ہونے والی تیسری سہ ماہی میں 622.19 ملین روپے کی خالص فروخت ریکارڈ کی، جو گزشتہ سال اسی مدت کے دوران 953.70 ملین روپے تھی۔

اسی سہ ماہی کے دوران کمپنی نے 15.31 ملین روپے بعد از ٹیکس منافع (پی اے ٹی) حاصل کیا جب کہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ منافع 68.50 ملین روپے تھا۔