سندھ حکومت نے مالی سال 2025-26 کے لیے اضافی بسوں کی خریداری اور برقی گاڑیوں، بشمول ای وی ٹیکسیوں اور اسکوٹروں کے فروغ کے لیے خاطرخواہ بجٹ مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ کے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت سینئر صوبائی وزیر و وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کراچی میں کی۔
اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کمال دیو، سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران پیپلز بس سروس اور ای وی اسکوٹرز کے منصوبے سمیت جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا جامع جائزہ پیش کیا گیا۔
اجلاس میں صوبے بھر میں مختلف مقامات پر برقی گاڑیوں (ای ویز) کے لیے چارجنگ انفراسٹرکچر کی ترقی پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کو مالی سال 2024-25 کے دوران جاری منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا جبکہ مالی سال 2025-26 کے مجوزہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے وزیرٹرانسپورٹ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ماڈل کے تحت نئی بس سروسز کے آغاز کے لیے ممکنہ شراکت داریوں سے بھی آگاہ کیا۔
اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ یلو لائن بی آر ٹی کے اہم حصے، بشمول جام صادق پل، کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور اس کا افتتاح رواں ماہ کے آخر میں متوقع ہے۔ اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ نے متعلقہ حکام کو ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ منصوبہ بروقت مکمل کیا جا سکے۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سینئر وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت ماحولیاتی طور پر پائیدار اور جدید عوامی ٹرانسپورٹ نظام کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم عوام کو کم لاگت اور ماحول دوست سفری سہولتوں کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے لیے مزید بسیں جلد پہنچنے والی ہیں، جبکہ شہر میں ڈبل ڈیکر بسیں بھی متعارف کرائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پہلے ہی کراچی میں ای وی بسوں اور پیپلز بس سروس جیسے کامیاب منصوبے شروع کر چکے ہیں اور اب اس نیٹ ورک کو پورے صوبے تک وسعت دینے پر کام کر رہے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے زور دیا کہ حکومت صوبہ سندھ کے تمام شہریوں کے لیے جدید سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے منصوبوں کا مقصد ٹریفک کے نظام کو موثر بنانا اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔